مانسون کیرالا میں 3 جون کو اور تلنگانہ میں دوسرے ہفتے میں آئیگا

   

حیدرآباد۔ ملک میں مانسون کے استقبال کی تیاریاں چل رہی ہیں تاہم ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سال بارش کے آغاز میں تاخیر ہوسکتی ہے ۔ دو متواتر طوفانوں یاس اور ٹاوکٹے نے مانسون کی ہئیت میں تبدیلی پیدا کردی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب جنوب مغربی مانسون امکان ہے کہ 3 جون تک ساحل کیرالا سے ٹکرائیگا ۔ ڈاکٹر کے ناگارتنا ڈائرکٹر محکمہ موسمیات حیدرآباد نے بتایا کہ ہماری پیش قیاسی تھی کہ مانسون کیرالا میں یکم جون کو آئیگا تاہم اس میں تاخیر ہو رہی ہے ۔ مانسون کی آمد 3 جون کو ہوگی ۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ تلنگانہ میں مانسون کی آمد جون کے دوسرے ہفتے میں ہوگی ۔ ڈاکٹر کے ناگارتنا نے کہا کہ دو بڑے سائیکلون آئے ہیں جن کے نتیجہ میں مانسون کی پیشرفت اور اس کی سرگرمی پر اثر ہوا ہے اور اس کی آمد میں تاخیر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔