ماں باپ کیساتھ بداخلاقی، تشویشناک اور ذلت آمیز عمل

   

دنیا اور آخرت کو تباہ نہ کرنے نوجوانوں سے اپیل، مسجد حفیظیہ ریاست نگر میں مفتی عبدالفتاح عادل کا خطاب
حیدرآباد۔/16 فروری، ( راست ) نوجوانو، اپنے والدین کی قدر کرو، ان کی رائے کو اہمیت دو، ان کے مشورے کو قبول کرو، ان کا ادب و احترام کرو، اپنی مرضی پر ان کی مرضی کو ترجیح دو، ان کی خدمت کرکے اپنے آپ کو جنت کا مستحق بناؤ۔ ان کی بات مانو، ان سے شریفانہ انداز میں بات کرو، نرم انداز میں گفتگو کرو، ان کی ہدایات کے مطابق زندگی گذارو۔ اللہ تعالیٰ نے ان کی رضامندی میں اپنی رضامندی اور ان کی ناراضگی میں اپنی ناراضگی رکھی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خوش خبری دی ہے کہ ماں باپ کی خدمت جنت کی ضامن ہے۔ ایک حدیث میں ہے کہ ماں باپ تمہارے لئے جنت بھی ہیں اور جہنم بھی۔ اس لئے ان کی اطاعت و فرمانبرداری کرکے جنت میں داخل ہوجاو اور اگر تم نے ان کی نافرمانی کی تو دوزخ کی آگ سے تم نہیں بچ سکتے۔ ان خیالات کا اظہار مفتی عبدالفتاح عادل سبیلی ( استاذ جامعہ دارالہدیٰ ) نے مسجد حفیظیہ ریاست نگر میں کیا۔ مولانا نے کہا کہ اس وقت ہمارا معاشرہ جس طرف جارہا ہے وہ باعث تشویش ہے۔ نوجوانوں میں ماں باپ کا ادب و احترام ختم ہوچکا ہے۔ اخلاقیات کا فقدان ہے۔ بعض نوجوان اپنے والدین کی نہ صرف یہ کہ نافرمانی کرتے ہیں بلکہ انہیں ستاتے ہیں۔ گالی گلوج کرتے ہیں، یہاں تک کہ مار بھی بیٹھتے ہیں۔ کتنے ایسے بچے ہیں جنہوں نے اپنے ماں باپ کو بے گھر کررکھا ہے۔ ظاہر ہے کہ ایسی اولاد آخرت میں تو عذاب الہی میں گرفتار ہوگی ہی دنیا میں بھی ان کو ذلت و رسوائی کے سواء کچھ حاصل نہیں ہوسکتا۔ اس لئے آیئے عہد کریں کہ ہم مثالی اور فرمانبردار اولاد بننے کی کوشش کریں گے۔ اپنے والدین کو ہمیشہ خوش رکھیں گے، ان کی خدمت کرکے اپنی عاقبت سنواریں گے۔ نہ انہیں جھڑکیں گے نہ انہیں غیرغلط جواب دیں گے، یہاں تک کہ اُف تک کہنے سے پرہیز کریں گے۔ انہیں کسی قسم کی تکلیف نہیں دیں گے۔ ہم اپنی مرضی پر اپنے ماں باپ کی مرضی کو اور اپنے فیصلہ پر اپنے ماں باپ کے فیصلے کو ترجیح دیں گے۔ شادی بیاہ ہو یا دوسرے معاملات ہر موقع پر ہم اپنے ماں باپ کو وہ مقام دیں گے جس کے وہ مستحق ہیں۔