ماہِ شعبان کے فضائل

   

شعبان المعظم اسلامی ہجری تقویم کا آٹھواں مہینہ ہے ۔ یہ مُقدس و مُتبرک مہینہ اﷲ تعالیٰ کے انعام و اکرام اور اُس کی خصوصی رحمت و برکت کا حامل مہینہ ہے اس کے فضائل میں بہت ساری احادیث وارد ہوئی ہیں۔ وجہ تسمیہ : حضرت انس بن مالک سے مروی ہے کہ حضور اکرم صلی اﷲ علیہ وآلہٖ و سلم نے فرمایا کہ شعبان کو اس لئے شعبان کہتے ہیں کہ اس میں رمضان المبارک کے لئے بہت زیادہ نیکیاں پھوٹتی ہیں اور رمضان المبارک کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ وہ گناہوں کو جلادیتا ہے۔ لفظ شعبان کا مفہوم : لفظ شعبان پانچ حروف پر مشتمل ہے ش ، ع ، ب ، الف اور ن ۔ ش سے شرف ، عین سے علو ( بلندی) باء سے بر ( نیکی) الف سے اُلفت اور ن سے نُور مراد ہے ۔ اس مہینہ میں اﷲ تعالیٰ کی طرف سے یہ پانچوں چیزیں عطا ہوتی ہیں۔ یہ وہ مہینہ ہے جس میں نیکیوں کے دروازے کُھل جاتے ہیں اور برکات کا نزول عطا ہوتا ہے ۔ گُناہ چھوڑ دیئے جاتے ہیں اور برائیاں مٹادی جاتی ہیں۔ فضیلت : اﷲ تعالیٰ نے مہینوں میں سے چار مہینے منتخب فرمائے ، رجب ، شعبان ، رمضان اور محرم ۔ پھر ان چار مہینوں میں سے شعبان کو پسند فرمایا اُسے اپنے رسول صلی اﷲ علیہ و آلہٖ و سلم کا مہینہ قرار دیا ۔ پس جس طرح رسول اﷲ ﷺ تمام انبیاء سے افضل ہیں اسی طرح آپ کا مہینہ بھی تمام مہینوں سے افضل ہے ۔ آپ ﷺنے ارشاد فرمایا شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان اﷲ کا مہینہ ہے ۔ شعبان گناہوں سے پاک کرنے والا اور رمضان گناہوں کو مٹانے والا ہے ۔ ایک دوسری روایت میں فرمایا شعبان میرا مہینہ ہے ۔ رجب اﷲ تعالیٰ کا اور رمضان میری اُمت کا ۔آپ ﷺ نے فرمایا تمام مہینوں پر رجب کی فضیلت ایسی ہے جیسے قرآن مجید کی تمام کتابوں پر ، شعبان باقی مہینوں سے اسی طرح افضل ہے جس طرح مجھے باقی تمام انبیاء پر فضیلت حاصل ہے اور رمضان کی باقی مہینوں پر فضیلت ایسی جیسے اﷲ تعالیٰ تمام مخلوق سے افضل ہے ۔(غنیتہ الطالبین)