مایاوتی اگلی وزیراعظم:نٹورسنگھ

   

الور21جنوری(سیاست ڈاٹ کام )سابق وزیر خارجہ اور کانگریس کے سابق قدآور لیڈر رہے نٹور سنگھ نے لوک سبھا انتخابات میں عظیم اتحاد کی جیت یقینی بتاتے ہوئے کہا کہ ملک کی اگلی وزیراعظم بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)کی صدر مایاوتی ہوں گی۔مسٹر سنگھ نے آج رام گڑھ اسمبلی سیٹ سے بی ایس پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے اپنے بیٹے جگت سنگھ کی انتخابی تشہیر کے دوران نامہ گاروں سے کہا کہ محترمہ مایاوتی کے ستارے بلند ہیں اور اترپردیش سے ہی ملک کی سیاست چلتی ہے ،اس لئے یقینی طورپر مایا وتی وزیراعظم بن سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس طرح سے عظیم اتحاد وجود میں آیا ہے ،اس سے واضح ہے کہ عظیم اتحاد کی جیت یقینی ہوگی۔نٹور سنگھ نے کہا کہ بی جے پی حالانکہ سب سے بڑی پارٹی ہوگی لیکن اسے اکثریت نہیں ملے گی۔کانگریس کے مستقبل کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی کو ابھی بہت محنت کرنے کی ضرورت ہے ،اس لئے کانگریس کا مستقبل بھی زیادہ روشن نہیں ہے ،44سیٹوں سے بڑھ کر زیادہ سے زیادہ80سیٹیں ہوسکتی ہیں،کانگریس اس سے زیادہ کچھ حاصل نہیں کرپائے گی۔