متوفی غیر منظم ورکرس کے پسماندگان کو فی کس پانچ لاکھ روپئے کی امداد

   

وزیر لیبر ویویک وینکٹ سوامی نے چیکس تقسیم کئے، ورکرس کی بھلائی کیلئے قانون کی منظوری
حیدرآباد ۔22۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر لیبر ڈاکٹر جی ویویک وینکٹ سوامی نے فرائض کی انجام دہی کے دوران فوت ہونے والے غیر منظم ورکرس کے افراد خاندان کو ایکس گریشیا کی رقم کے چیکس تقسیم کئے۔ چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا تقسیم کیا گیا۔ وزیر لیبر نے فوت ہونے والے غیر منظم ورکرس ایل نریش ، جی شیام سندر اور احمد بن عبدالقادر کے پسماندگان کو چیکس حوالے کئے۔ اس موقع پر وزیر لیبر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے راہول گاندھی کے نظریہ سے متاثر ہوکر غیر منظم ورکرس کی بھلائی کے لئے اسمبلی میں قانون کو منظوری دی ہے۔ غیر منظم ورکرس کی بھلائی کا قانون منظور کرتے ہوئے ڈیوٹی پر خدمات انجام دینے کے دوران فوت ہونے والے ورکرس کے خاندانوں کی مالی امداد کی جارہی ہے۔ ویویک وینکٹ سوامی نے کہا کہ غیر منظم ورکرس کو ہر طرح کے تحفظ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ حکومت غیر منظم ورکرس کی بھلائی کے اقدامات کرے گی اور ہر مصیبت میں ان کی مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے روزانہ محنت مزدوری کرتے ہوئے اپنے خاندان کی کفالت کرنے والے غریب ورکرس کے تحفظ کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے غیر منظم ورکرس کی یونین کی ستائش کی جس نے مہلوک ورکرس کے افراد خاندان کی مدد کیلئے محکمہ لیبر سے مسلسل نمائندگی کی۔ ویویک وینکٹ سوامی نے کہا کہ غیر منظم ورکرس کی بھلائی اور بازآبادکاری میں حکومت سنجیدہ ہے اور ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ اسپیشل چیف سکریٹری لیبر ڈپارٹمنٹ دانا کشور آئی اے ایس ، ایڈیشنل کمشنر ای گنگا دھر ، غیر منظم ورکرس یونین کے لیڈر صلاح الدین اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔ متوفی ورکرس کے افراد خاندان نے پانچ لاکھ روپئے کی مالی امداد پر چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر لیبر ویویک وینکٹ سوامی سے اظہار تشکر کیا۔1/k/m/b