متھرا میں مال گاڑی کے 25 ڈبے پٹری سے اترے

   

لکھنو ٔ :ملک میں ٹرین سے متعلق پیش آنے والے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں میں اس سلسلے میں کئی ایسے معاملے سامنے آئے ہیں جس میں کوئی بڑا حادثہ ہوتے ہوتے بچا ہے۔ اس درمیان چہارشنبہ کو اتر پردیش کے متھرا میں بھی ایک مال گاڑی پٹری سے اتر گئی ہے۔ یہ حادثہ ورندا ون کے پاس پیش آیا۔ واضح ہو کہ مال گاڑی کے پٹری سے اترنے کا ایک ہفتے میں یہ ساتواں معاملہ ہے۔آگرہ ریلوے ڈویژن کے ڈی آر ایم تیج پرتاپ اگروال نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اس حادثہ میں 25 ڈبے پٹری سے اتر گئے ہیں۔ حادثے میں ٹرین سپلائی والے کھمبے بھی ٹوٹ گئے ہیں اور ریلوے ٹریک کو ٹھیک کرنے میں 10 سے 12 گھنٹوں کا وقت لگنے کا امکان ہے۔ اس واقعہ کے بعد کئی ٹرینوں کی آمد ورفت متاثر ہوئی ہے۔ قابل ذکر ہو کہ آر ٹی آئی کے ذریعہ ریلوے کی طرف سے دی گئی جانکاری کے مطابق 7 جولائی 2021 سے 17 جون 2024 تک ملک میں 131 ٹرین حادثے ہوئے ہیں ان میں سے 92 ٹرینوں کے پٹری سے اتر نے کے ہیں۔ ان حادثوں میں 64 پاسنجر ٹرین اور 28 مال گاڑیاں شامل ہیں۔ ٹرین حادثوں میں مسلسل اضافہ ایک سنگین مسئلہ ہے۔ اس کے تحفظ پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ انسانوں کی زندگی سے جڑا ہے۔