محبوب آباد میں میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد

   

550 کروڑ کے مصارف ، 7 سال میں 3 سے 33 میڈیکل کالجس ہوجانے ہریش راؤ کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے محبوب آباد میں میڈیکل کالج کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش کے دور حکومت میں علاقہ تلنگانہ میں صرف 3 میڈیکل کالجس تھے ۔ آج ان کی تعداد بڑھ کر 33 تک پہونچ گئی ہے ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ای دیاکر راؤ ، ستیہ وتی راتھوڑ کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ ہریش راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 550 کروڑ روپئے کے مصارف سے میڈکل کالج قائم کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کو ضلع محبوب آباد سے کافی محبت ہے علحدہ تلنگانہ تحریک میں محبوب آباد کا اہم اور ناقابل فراموش رول رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 65 سالہ متحدہ آندھرا پردیش کی تاریخ میں علاقہ تلنگانہ میں صرف تین میڈیکل کالجس تھے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد صرف 7 سال میں میڈیکل کالجس کی تعداد بڑھ کر 33 تک پہونچ گئی ہے ۔ انہوں نے سرکاری ہاسپٹل میں موثر طبی سہولتیں موجود ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے عوام کو خانگی ہاسپٹلس میں علاج کراتے ہوئے محنت کی کمائی ضائع کرنے کے بجائے سرکاری ہاسپٹلس میں مفت علاج کرانے کا مشورہ دیا ۔ ہریش راؤ نے بی جے پی پر مذہب کی سیاست کرتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے عوام میں دوریاں پیدا کرنے کا الزام عائد کیا ۔ کانگریس پر ذات پات کی سیاست کرتے ہوئے حکومت کے خلاف عوام کو گمراہ کرنے کا دعویٰ کیا ۔۔ ن