حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) محبوب نگر مجالس مقامی کی کونسل نشست کے رائے دہندوں میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کا نام شامل ہے۔ مجالس مقامی کی کونسل نشست کا ضمنی چناؤ 28 مارچ کو مقرر ہے اور اِس سلسلہ میں رائے دہندگان (ووٹرس) کی فہرست جاری کردی گئی ہے۔ منڈل پریشد کے دفتر میں پولنگ سنٹر قائم کیا جائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی بااعتبار عہدہ زمرہ میں ووٹر کے طور پر شامل کئے گئے ہیں۔ وقارآباد ضلع کے تحصیلدار کوڑنگل وجئے کمار نے آج ووٹرس کی فہرست جاری کی جو رائے دہی میں حصہ لے پائیں گے۔ کوڑنگل مجالس مقامی کے تحت چیف منسٹر ریونت ریڈی کا نام شامل کیا گیا جو اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ متعلقہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے ریونت ریڈی ووٹر کے طور پر شامل کئے گئے ہیں۔ فہرست رائے دہندگان میں ریونت ریڈی کے نام کی شمولیت کی سوشل میڈیا میں بڑے پیمانے پر تشہیر کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے مجالس مقامی کی ایم ایل سی نشست کیلئے جیون ریڈی کو امیدوار بنایا ہے۔ بی آر ایس سے تعلق رکھنے والے مجالس مقامی کے کئی نمائندوں کی کانگریس میں شمولیت کے باعث امید کی جارہی ہے کہ کونسل کی اِس نشست پر کانگریس امیدوار کو کامیابی حاصل ہوگی۔ 1