محبوب نگر مجالس مقامی ایم ایل سی نشست کیلئے رائے دہی

   

99.86 ووٹنگ ، ریونت ریڈی نے بھی ووٹ ڈالا
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ (سیاست نیوز) محبوب نگر مجالس مقامی ایم ایل سی نشست کے ضمنی چناؤ کے لئے آج رائے دہی کا پرامن انعقاد عمل میں آیا ۔ صبح 8 تا شام 4 بجے تک 99.86 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔ ریٹرننگ آفیسر کے مطابق متحدہ محبوب نگر ضلع میں جملہ ووٹرس 1439 ہیں ، ان میں سے 1437 نے رائے دہی میں حصہ لیا ۔ دو عوامی نمائندوں نے رائے دہی سے دوری اختیار کی۔ کوڑنگل کے رکن اسمبلی کے طور پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ ریاستی وزیر اکسائز جوپلی کرشنا راؤ نے بھی ووٹنگ میں حصہ لیا ۔ ووٹوں کی گنتی 2 اپریل کو ہوگی اور اسی دن نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا ۔ کانگریس نے ایم جیون ریڈی اور بی آر ایس نے نوین کمار ریڈی کو امیدوار بنایا ہے۔ آزاد امیدوار کے طور پر سدرشن گوڑ میدان میں ہیں۔ شادنگر تحصیلدار آفس میں صد فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔ جملہ 171 ووٹرس نے شادنگر تحصیل آفس میں اپنے حق کا استعمال کیا جن میں 94 خواتین اور 75 مرد رائے دہندے شامل ہیں۔ محبوب نگر مجالس مقامی میں اگرچہ بی آر ایس کو اکثریت حاصل ہے لیکن حالیہ عرصہ میں بڑے پیمانہ پر انحراف کے نتیجہ میں کانگریس کی کامیابی کے امکانات روشن دکھائی دے رہے ہیں۔ ووٹرس کو انحراف سے روکنے کیلئے دونوں پارٹیوں نے گوا ، اوٹی ، کیرالا اور دیگر مقامات پر کیمپس منعقد کئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں پارٹیوں نے رائے دہندوں کو ایک ووٹ کیلئے پانچ لاکھ روپئے تک کا پیشکش کیا تھا ۔ ایم ایل سی کی ایک نشست کیلئے ایک اندازہ کے مطابق تقریباً 100 کروڑ خرچ کئے گئے۔ 1