محبوب نگر میں ماڈل مارکٹ کی تعمیر کا تیقن

   

چھوٹے تاجرین کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر رکن اسمبلی کا اظہار مسرت
محبوب نگر ۔ 2 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چھوٹے تاجرین بالخصوص سڑک پر کاروبار کرنے والے اور کسان ترکاری فروشوں کے چہروں پر آج مجھے حقیقی مسکراہٹ دیکھنے کو ملی ہے اور مجھے خود بھی مسرت ہو رہی ہے کہ ان مستحق تاجرین (چھوٹے بیوپاریوں) سے کئے گئے وعدے کو میں نے آج پورا کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے آج صبح مستقر محبوب نگر پر مارکٹ کے قریب سڑک پر بیوپاریوں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ سینئر کانگریسی قائدین پی وینکٹیش ایڈوکیٹ، میونسپل چیرمین آنند گوڑ، وائس چیرمین بشیر احمد بھی تھے۔ ایم ایل اے نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کی صورت میں تائبازاری سے فٹ پاتھ تاجرین کو نجات دلائی جائے گی۔ تائبازاری وصول کرنے والوں کا رویہ چھوٹے تاجرین کے ساتھ نامناسب تھا اور وہ اپنی بے عزتی محسوس کررہے تھے۔ ہم نے بلدیہ پر قبضہ کے بعد قرارداد منظور کرواکر تائبازاری کو ختم کردیا۔ انہوں نے یقین دیا کہ محبوب نگر کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈس منظور کرواؤں گا اور ایک ماڈل مارکٹ کی تعمیر کی جائے گی۔ اس موقع پر کانگریس قائدین اور کارکنان موجود تھے۔