محکمہ مال و ضلع انتظامیہ سے موثر تال میل کے ذریعہ جائیداد پر قبضہ حاصل کیا ۔ بورڈ سے موقوفہ جائیدادوں پر قبضوںکوبرخواست کروانے مہم کا آغاز
حیدرآباد۔16۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ محکمہ مال و ضلع انتظامیہ کے تال میل سے مجموعی طور پر 73 ایکڑ جائیداد کے تحفظ میں کامیاب رہا۔ ضلع محبوب نگر کے منڈل اوٹکور میں موجود عاشور خانہ کے تحت موجود 73 ایکڑ قیمتی اراضی جو کہ وقف ہے اس پر موجود قبضہ جات کے خلاف کارروائی کے دوران تلنگانہ وقف بورڈ نے محکمہ مال اور وقف عہدیداروں کا مشترکہ سروے کرواتے ہوئے موجود جائیداد کے دستاویزات کی بنیاد پر جائیداد کو اپنے قبضہ میں لے لیا۔ وقف بورڈ اور محکمہ مال کے عہدیداروں کے مشترکہ سروے کے دوران توثیق ہوچکی ہے کہ مذکورہ موقوفہ جائیداد جس پر وقف بورڈ نے دعویٰ پیش کیا تھا وہ موقوفہ جائیداد ہے۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ وقف بورڈ نے مذکورہ جائیداد سے متعلق دستاویزات اور گزٹ و منتخب و دیگر ریکارڈس محکمہ مال کے عہدیداروں کو پیش کرکے جائیداد کو حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔ حالیہ عرصہ میں مشترکہ سروے کے بعد تلنگانہ وقف بورڈ سے اپنی اراضی کے حصول کی یہ بڑی کارروائی تصور کی جا رہی ہے ۔ جناب سید عظمت اللہ حسینی صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ مذکورہ وقف جائیداد پر موجود قابضین نے عاشور خانہ کے تحت موجود اس جائیداد کے کئی حصوں کو اپنے نام بھی کروالیا تھا لیکن اب جبکہ مشترکہ سروے میں یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ 73 ایکڑ جائیدادجس پر وقف بورڈ کا دعویٰ تھا وہ ثابت ہوچکا ہے تو محکمہ مال کے عہدیداروں کو مکتوب روانہ کرکے اس جائیداد پر موجود قابضین کو برخواست کروانے کے علاوہ جن کے ناموں پر دستاویزات جاری کئے گئے ان کی تنسیخ کے اقدامات کو تیز کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف اکزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ جناب محمد اسداللہ نے اوٹکور منڈل میں اس 73 ایکڑ موقوفہ جائیدادجو کہ مختلف افراد کے قبضہ میں تھی اسے حاصل کرنے محکمہ مال کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات و ضلع انتظامیہ کے ہمراہ مراسلت کو تیز کرکے مشترکہ سروے کروانے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ وقف بورڈ ذرائع کے مطابق ریاست میں موجود وقف جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنانے UMEEDپورٹل میں اندراج کیلئے حاصل کئے گئے دستاویزات کی بنیاد پر جائیدادوںکی تفصیلات کے مطابق قابضین کے خلاف کاروائیوں کو تیز کرکے موقوفہ اداروں کے تحت موجود جائیدادوں پر قبضہ جات کو برخواست کرنے کی خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا اور وقف بورڈ میں موجود دستاویزات کے مطابق ان جائیدادوں کو جن پر قابضین موجود ہیں اور دستاویزات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ان کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائیوں کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔3/k/b