محمدبن سلمان کی کابینہ اجلاس میں غزہ صورتحال پر بحث

,

   

ریاض : سعودی کابینہ کا اجلاس ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی سربراہی میں جدہ میں منعقد ہوا جس میں غزہ کی صورتحال سمیت مختلف امور زیر بحث آئے۔سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے کابینہ اجلاس میں ہونے والی کارروائی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ولی عہد سے وفاقی جمہوریہ جرمنی کے صدر کے ٹیلی فونک رابطے کے علاوہ کویت کے وزیراعظم سے ملاقات پر بحث کی گئی۔کابینہ اجلاس میں علاقائی اور عالمی تازہ ترین حالات پربھی تبادلہ حیال کیا گیا جس میں سرفہرست غزہ پٹی میں ہونے والے انسانی المیہ کی بگڑتی صورتحال کے حوالے سے سیکیورٹی کونسل کی جانب سے فوری جنگ بندی کی قرارداد کو سراہا گیا۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا وزراء کونسل نے حکومت کی جانب سے انتہائی ضرورت مند خاندانوں کے لیے رہائشی اسکیم کے حوالے سے شروع کی جانے والی مہم ’جود الاسکان‘ کو سراہتے ہوئے اسے بہترین اقدام قرار دیا۔وزراء کونسل کے اجلاس میں متعدد امور کے فیصلے کیے گئے جن میں وزیر ثقافت یا ان کی جانب سے مقرر کردہ نمائندے کو تاجکستان کے ساتھ ثقافتی امور میں تعاون کے لیے اختیار دیا گیا۔وزارت پانی ، زراعت اور ماحولیات کی جانب سے جمہوریہ ترکیہ کے ساتھ زرعی میدان میں تعاون کے مفاہمتی یادداشت کی منظوری جاری کی گئی۔سعودی وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پاکستان کی وزارت انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی۔