محمد بن سلمان ۔ جن پنگ ٹیلیفون پرسعودی ۔ ایران تعلقات پر بات چیت

   

ریاض ؍ بیجنگ : سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو چین کے صدر ژی جن پنگ کو فون کیا۔ سرکاری سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے ” کے مطابق کال کے دوران سعودی عرب اور چین کے درمیان تزویراتی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ولی عہد نے سعودی عرب کی جانب سے ریاض اور تہران کے درمیان اچھے ہمسایہ تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کی تعریف کی۔چینی صدر نے خلیج تعاون کونسل اور مشرق وسطیٰ کے ملکوں کے ساتھ بیجنگ کے تعلقات کو فروغ دینے میں سعودی عرب کے کردار کو سراہا۔ کال کے دوران انہوں نے سعودی عرب اور چین کے درمیان شراکت داری کے پہلوؤں اور مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لیے مشترکہ رابطہ کاری کی کوششوں کا جائزہ لیا۔چائنہ سنٹرل ٹیلی ویڑن نے بھی واضح کیا ہے کہ چینی صدر نے سعودی ولی عہد سے فون پر بات کی اور انہوں نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کی حمایت سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سرکاری میڈیا نے منگل کو بتایا کہ ژی جن پنگ نے کہا کہ انہیں امید ہے دونوں فریق مذاکرات کے نتائج کی بنیاد پر اپنے تعلقات کو بہتر بناتے رہیں گے۔