محمد علی کی 77 ویں یوم پیدائش پر شائقین کا خراج

   

نیویارک ۔17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) عالمی شہرت یافتہ امریکی باکسر محمد علی کا 77 واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے اور ان کے مداح آج بھی انہیں یاد کر رہے ہیں۔ 17 جنوری 1942 کو امریکی شہر لوئی ویل میں عیسائی خاندان میں پیدا ہونے والے محمد علی کا نام کیسیئس مارسیلس کلے جونیئر تھا، تاہم انہوں نے 1964 میں اسلام قبول کیا، جس کے بعد انہوں نے اپنا نام محمد علی رکھ لیا تھا۔محمد علی نے 12سال کی عمر میں باکسنگ کا آغاز کیا اور 19 اکتوبر 1960 کو لوئی ویل میں انہوں نے اپنے کیریئر کا پہلا پروفیشنل مقابلہ جیتا۔جس کے بعد ان کی کامیابیوں کا ناختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوا اور 1960 میں ہی روم المپکس میں محمد علی کی کامیابی نے انہیں ایک عظیم باکسر بنا دیا۔ تاہم محمد علی کو نسل پرستی کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن اس کے باوجود محمد علی نے اپنا کیریئر جاری رکھا اور بڑے بڑے باکسر کو رنگ میں چاروں شانے چت کردیا۔لیجنڈ باکسر محمد علی نے اپنے کیریئر میں 61 مقابلے لڑے جس میں انہوں نے 56 میں کامیابی حاصل کی جبکہ صرف 5 مقابلوں میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اپنے جملہ مقابلوں میں سے 37 مقابلوں نے انہوں نے اپنے حریف باکسروں کو ناک آؤٹ کیا۔ 20 صدی کے عظیم باکسر محمد علی کو 1984 میں پارکنسنز نامی بیماری کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہوں نے باکسنگ کو خیرباد کہہ دیا اور اور 2016 میں 3 جون کو وہ اسی بیماری سے لڑتے ہوئے انتقال کرگئے۔تاہم آج بھی عظیم باکسر کے مداح انہیں یاد کرتے ہیں اور ان کیے یوم پیدائش پر ان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں۔