حیدرآباد۔15۔مارچ(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے قریبی رفیق محمد فہیم الدین قریشی کو تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائیٹی کے صدر و نائب صدرنشین کے عہدہ پر نامزد کرنے کے احکام جاری کرتے ہوئے سابقہ سوسائیٹی کو تحلیل کرنے کے احکام جاری کئے ہیں۔ حکومت تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے جاری کئے گئے جی او آر ٹی نمبر 28 میں تلنگانہ مائناریٹیز ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنس سوسائیٹی کی نئی گورننگ باڈی کی تشکیل دینے کے احکام جاری کئے گئے ہیں ان احکامات کے مطابق ریاستی وزیر اقلیتی بہبود اس کمیٹی کے صدرنشین ہوں گے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی جن کے پاس محکمہ اقلیتی بہبود کا قلمدان ہے اس اعتبار سے وہ خود ٹمریز کے صدرنشین ہوں گے۔ جبکہ محمد فہیم الدین قریشی نائب صدرنشین و صدر کے عہدہ پر نامزد کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اراکین میں سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود‘ پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعلیم‘ سیکریٹری محکمہ فینانس ‘ کمشنر محکمہ اقلیتی بہبود ‘ سیکریٹری ٹی ایس ڈبلیو آر ای آئی ‘ بہ اعتبار عہدہ اراکین ہوں گے۔ سیکریٹری ٹمریز گورننگ بورڈ کے کنوینر ہوں گے جبکہ سیکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اور ڈائریکٹرمحکمہ تعلیم خصوصی مدعوین میں شامل رہیں گے۔ جناب محمد فہیم الدین قریشی نے انہیں نائب صدرنشین و صدر ٹمریز کے عہدہ کی ذمہ داری دیئے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی نے جب انہیں اس عہدہ کی پیشکش کی تو انہوں نے ٹمریز کے تحت چلائے جانے والے تعلیمی ادارۂ جات میں تعلیم حاصل کرنے والے معصوم بچوں کی خدمت کے موقع کو غنیمت تصور کرتے ہوئے اسے قبول کرلیا ہے۔انہو ںنے بتایا کہ وہ اپنے اس عہدہ کے ذریعہ ٹمریز کے اسکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے علاوہ ان اسکولوں میںتعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے کام کریں گے۔3