محکمہ آر ٹی سی کو مستحکم کیا جائے گا: پونم پربھاکر

   

سدی پیٹ میں مارننگ واک پروگرام ، مسافرین سے ریاستی وزیر کی بات چیت

سدی پیٹ /13 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی ٹرانسپورٹ اور بی سی بہبود محکمہ پونم پربھاکر نے آج سدی پیٹ ضلع مرکز میں مارننگ واک پروگرام کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں گھوم کر لوگوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل دریافت کئے۔ اس موقع پر وزیر نے آر ٹی سی بس اسٹیشن کا دورہ کیا۔ مسافروں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل دریافت کئے۔ مہالکشمی اسکیم کے نفاذ کے بارے میں خواتین سے بات کی۔ انہوں نے آر ٹی سی کو ہوا میں چھوڑنے پر سابقہ حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کو مضبوط کیا جائے گا اور لوگوں کے لئے کچھ نئی بسیں دستیاب کرائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کی کوتاہیوں کو ظاہر کرے اور جمہوری اقدار کا تحفظ کرے۔ وزیر پونم نے کہا کہ اگر وہ حکومت کے خلاف اپنے تبصروں کو واپس نہیں لیتے ہیں تو انہیں سخت جواب دینا پڑے گا۔ راجہ سنگھ کے تبصروں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سنگھ نے کہا تھا کہ کانگریس حکومت ایک سال کے اندر گر جائے گی۔ انہوں نے راجہ سنگھ سے پوچھا کہ کیا وہ علم نجوم جانتے ہیں؟ وزیر پونم نے کہا کہ بی جے پی بی آر ایس الگ نہیں ہے، ان کی سازش کو سبھی سمجھ رہے ہیں اور کانگریس میں جیتنے والا ایک بھی لیڈر پارٹی نہیں چھوڑے گا۔ رائے عامہ کے مطابق عوام کی منتخب کردہ کانگریس حکومت کے تحت لوگ پوری آزادی کے ساتھ حکومت کے سامنے اپنے مسائل کا اظہار کرسکتے ہیں۔