محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن کے دفاتر کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ کا مطالبہ

   

ماہ جون میں جائیداد خریدی کے اچھے دن ، محکمہ کی حکومت سے درخواست
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن کے دفاتر کو لاک ڈاؤن سے مستـثنیٰ قرار دینے کے اقدامات کی مانگ کی جا رہی ہے اور خود محکمہ کے عہدیداروں نے حکومت کو روانہ کردہ درخواست میں اس بات کی خواہش کی ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران رجسٹریشن کے عمل کو استثنیٰ فراہم کرنے کے اقدامات کریں کیونکہ ماہ جون کے دوران جائیدادوں کی خریدی کے لئے اچھے ایام ہونے کے سبب ریاست تلنگانہ کے کئی علاقو ںمیں ہزاروں رجسٹری کے سلاٹ بک کئے گئے ہیں اور ان سلاٹس کی بکنگ کو دیکھتے ہوئے محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن کے عہدیداروںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں موجودجملہ 142 سب رجسٹرار دفاتر میں جائیدادوں کی رجسٹری کیلئے ہزاروں درخواستیں زیر التواء ہیں اور ماہ جون کی تواریخ حاصل کی گئی ہیں۔عہدیدارو ں نے حکومت کو روانہ کردہ مکتوب میں اس بات کی صراحت کی ہے کہ ماہ جون کے دوران اچھی تاریخوں کے سبب ہزاروں سلاٹس بک کئے گئے ہیں جن سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے ریاست کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن کے عہدیداروں نے مکتوب میں کورونا وائرس قواعد کے اصولوں کی پابندی کے ساتھ خدمات کے آغاز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماہ اپریل کے دوران ریاست میں محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن نے کافی آمدنی حاصل کی ہے لیکن ماہ مئی کے دوران لاک ڈاؤن کے سبب خسارہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور اس خسارہ کی پابجائی جون میں ممکن ہے ۔عہدیدارو ںنے بتایا کہ آن لائن فیس کی ادائیگی اور آن لائن درخواستوں کے ادخال اور یکسوئی کے اقدامات کے ذریعہ کورونا وائرس کے اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے رجسٹریشن کے عمل کو بحال کیا جاسکتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ عہدیدارو ںکی جانب سے روانہ کردہ مکتوب میں حکومت کو امکانی آمدنی اور خسارہ کی تفصیلات کے علاوہ ان تمام امور کا احاطہ کیا گیا ہے جن کو نظر میں رکھتے ہوئے ریاست میں محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن کو لاک ڈاؤن سے استـثنیٰ فراہم کیا جاسکتا ہے اور گذشتہ لاک ڈاؤن میں جس طرح سے خدمات حاصل کی گئی تھیں اس لاک ڈاؤن میں بھی محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن اور سب رجسٹرار کے دفاتر کی کشادگی کے ذریعہ رجسٹریشن کے عمل کو بحال کیا جاسکتا ہے۔