محکمہ اقلیتی بہبود میں آئندہ ماہ سے آن لائن خدمات

   

پیپر کے بغیر کارکردگی پر توجہ ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کی توثیق
حیدرآباد۔18جنوری (سیاست نیوز) ریاست میں کئی محکموں کی جانب سے پیپر کے استعمال کے بغیر فائلوں کی یکسوئی کے اعلانات کے بعد اب ڈائریکٹوریٹ کمشنر محکمہ اقلیتی بہبود نے بھی آن لائن اور پیپر کے بغیر کارکردگی شروع کرنے کا منصوبہ تیا رکر لیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ ماہ کے اوائل میں ڈائریکٹوریٹ کمشنر محکمہ اقلیتی بہبود میں بھی اس پر عمل شروع کردیا جائے گا۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے شعبہ جات میں ڈائریکٹوریٹ کمشنر پہلا ایسا شعبہ ہوگا جو کہ مکمل طور پر بغیر پیپر کے کاموں کا آغاز کرے گا۔ ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی بہبود جناب شاہنواز قاسم نے دریافت کرنے پر اس بات کی توثیق کی کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے ڈائریکٹوریٹ کمشنر کو مکمل طور پر آن لائن کرلیا گیا ہے اور آن لائن فائیلوں کی یکسوئی کا عمل شروع کیا جائے گا اور اب تک جو فائیلس موجود ہیں انہیں ڈیجٹلائز کرتے ہوئے آن لائن محفوظ کیا جاچکا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر اندرون محکمہ ان فائیلس کی جانچ کی جاسکے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے ڈائریکٹوریٹ کمشنر کو آن لائن کرتے ہوئے اس شعبہ کو مکمل ڈیجٹلائز کرنے کے بعد دیگر شعبہ جات کو بھی آن لائن کرنے کا عمل شروع کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت خدمات انجام دینے والے شعبہ جات کسی نہ کسی طرح سے ڈائریکٹوریٹ کمشنر سے مربوط ہیں اور انہیں اپنی آن لائن فائیلس ہی کمشنریٹ کو روانہ کرنی ہوگی اسی لئے دیگر شعبہ جات میں بھی آن لائن کرنے کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پیش آئے گی۔حکومت کا احساس ہے کہ بغیر کسی پیپر کے فائیلس کی یکسوئی کے عمل کے آغاز کی صورت میں کرپشن میں کمی کے علاوہ فائیلوں کی یکسوئی میں تیزی پیدا ہوگی اسی لئے مختلف محکمہ جات بالخصوص عوام سے تعلق رکھنے والے بیشتر اداروں کی خدمات کو آن لائن کرنے کا عمل جاری ہے اور اب محکمہ اقلیتی بہبود بھی دیگر محکمہ جات کے ساتھ مسابقت کرتے ہوئے محکمہ کو عصری ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کی سمت پیشرفت کر رہاہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں کے علاوہ اضلاع سے دفاتر کو پہنچ کر درخواستیں داخل کرنے والوں کو ہو نے والی مشکلات کو دور کرنے کے لئے بیشتر تمام درخواستیں آن لائن وصول کی جا رہی ہیں لیکن اب محکمہ جاتی سطح پر فائیلوں کی یکسوئی کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں پیپر کے بغیر خدمات کو یقینی بنانے کیلئے جو منصوبہ تیا رکیا گیا ہے اس کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود بھی آر ٹی اے اور محکمہ پولیس کے علاوہ دیگر محکمہ جات کی طرح آن لائن مکمل خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی سمت تیز رفتار پیشرفت کرے گا۔