اہلیتی امتحان کے دوران انٹر سپلیمنٹری امتحانات، طلبہ کا قیمتی تعلیمی سال برباد ہونے کا امکان
حیدرآباد۔19اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں محکمہ تعلیم کی بے ڈھنگی چال اور غیر منظم طریقہ کار کے سبب طلبہ کو شدید نقصانات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور کوئی ان کی اس صورتحال کا پرسان حال نہیں ہے۔ریاست میں امتحانات کے شیڈول کے سلسلہ میں طلبہ اور اولیائے طلبہ کی سہولت کا خیال نہ رکھنے اور ان کے تعلیمی مستقبل سے کھلواڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ ایس ایس سی امتحانات کے لئے ایک ماہ طویل شیڈول کی اجرائی کے بعد اب تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے سپلمنٹری امتحانات کے لئے اپنا شیڈول جاری کیا ہے جو کہ 13مئی سے شروع ہورہے ہیں اور 21 مئی تک ان امتحانات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ جامعہ عثمانیہ میں لاء سیٹ 2026 امتحان کا 18 مئی کو انعقاد عمل میں لایا جانے والا ہے اور انٹرمیڈیٹ سپلمنٹری امتحانات کے شیڈول کے مطابق 18مئی فزیکس اور اکنامکس کا امتحان رکھا گیا ہے۔ انٹرمیڈیٹ امتحان تحریر کرتے ہوئے کامیابی کی توقع کرتے ہوئے لاء سیٹ کی تیاری کرنے والے طلبہ جو انٹرمیڈیٹ میں کسی وجہ سے ناکام ہوچکے ہیں وہ لاء سیٹ کے امتحان میں شرکت نہیں کرپائیں گے کیونکہ انہیں انٹرمیڈیٹ کے امتحان کو ترجیح دینی ہوگی۔ عام طور پر ریاستی جامعات اور مرکزی جامعات کے کے امتحانی شیڈول کی تیاری اور ان کو نظر میں رکھتے ہوئے ریاستی بورڈس اپنے امتحانی شیڈول تیار کرتے ہیں لیکن تلنگانہ میں طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کے مترادف فیصلہ کئے جارہے ہیں ۔ جامعہ عثمانیہ کی جانب سے لاء سیٹ کی تاریخ کا اعلان کردیئے جانے کے باوجود اگر اسی تاریخ کو تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اپنے سپلمنٹری امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ کرتا ہے تو ایسی صورت میں عہدیداروں اور شیڈول تیار کرنے والوں کی نااہلی ثابت ہوتی ہے کیونکہ جو طلبہ اعلیٰ تعلیم کے لئے داخلہ حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہیں وہ اہلیتی امتحان میں شرکت نہیں کرپائیں گے اور اگر وہ اہلیتی امتحان میں شرکت کرتے ہوئے اہلیتی امتحان پاس بھی کرلیتے ہیں تو انہیںانٹرمیڈیٹ کی عدم تکمیل کی بنیاد پر داخلہ حاصل نہیں ہوگا جس کے نتیجہ میں ان کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے ان ذمہ داروں کو جو امتحانی شیڈول تیار کر تے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اس سلسلہ میں اپنے فیصلہ پر ازسرنو غور کرتے ہوئے اپنی غلطی کو سدھارتے ہوئے طلبہ کے تعلیمی سال کوبرباد ہونے سے بچائیں تاکہ وہ اگر انہیں سپلمنٹری امتحان میں شرکت کرنی ہے تو وہ بھی کرسکیں اور لاء سیٹ کے اہلیتی امتحان میں بھی شرکت کے ذریعہ اپنے سلسلہ تعلیم کو جاری رکھ سکیں۔ 3؍M؍V