محکمہ تعلیم میں 9افراد کی فرضی تقرری کا انکشاف

   

موہلا-مانپور-امباگڑھ چوکی، 5 اگست (یو این آئی) چھتیس گڑھ کے اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں فرضی تقرری ناموں کی بنیاد پر کم از کم نو لوگوں کو نوکری ملنے کی حیران کن خبر سامنے آئی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق امباگڑھ چوکی میں چار ر افراد نے فرضی طریقے سے سرکاری ملازمت حاصل کی ہے ، جب کہ باقی پانچ افراد مختلف اضلاع میں ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں تعینات ہیں۔ اسسٹنٹ گریڈ 3 اور ڈیٹا انٹری آپریٹر وہ عہدے ہیں جن پر دھوکہ دہی کے ذریعے تقرری کا الزام ہے ۔ شکایت گزار کے مطابق چھتیس گڑھ ریاست کے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں کل نو افراد جعلی دستاویزات کے ذریعے سرکاری ملازمت میں موجود ہیں۔ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے نائب صدر سکھ رام ساہو سے موصولہ اطلاع کے مطابق ملزمان میں ڈولا منی مٹاری، شاداب عثمان، اظہر صدیقی، آشوتوش کچھواہا، محمد امین شیخ، فاگیندر کمار سنہا، تیکم چندر، رضیہ احمد اور سی ایچ انتھونی نے جعلی تقرری ناموں کی بنیاد پر سرکاری ملازمت جاری رکھی ہوئی ہے ۔