محکمہ مال کے ساتھ بلدی قوانین کی تجدید و ترمیم کیلئے منصوبہ بندی

,

   

نئے قوانین کا مسودہ ، حکومت کو پیش کرنے عہدیداران کو چیف منسٹر کی ہدایت

حیدرآباد۔19اپریل(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے محکمہ مال کے ساتھ بلدی قوانین کی بھی تجدید و ترمیم کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور عہدیداروں سے مشاورت کے بعد چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انہیں ہدایت دی کہ وہ نئے قوانین کے سلسلہ میں مسودہ تیار کرتے ہوئے حکومت کو پیش کریں اور اس قانون میں عوام کو راحت کے ساتھ ساتھ سرکاری کاموں میں تیزی لانے کے علاوہ رشوت سے پاک محکمہ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں ۔ محکمہ مال کے ساتھ حکومت تلنگانہ کی جانب سے محکمہ بلدی نظم و نسق کے قوانین میں تبدیلی اور نئے قوانین کی تدوین کا جو منصوبہ تیار کر رہی ہے اس سے بلدی عہدیداروں میں بھی کھلبلی پیدا ہوچکی ہے اور کہا جار ہاہے کہ عہدیداروں کی جانب سے اپنے اعلی عہدیداروں پر دباؤ ڈالتے ہوئے حکومت کو ایسا کرنے سے باز رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ریاست تلنگانہ میںحکومت کی جانب سے محکمہ بلدی نظم و نسق کی نئی قانون ساز ی کے سلسلہ میں اعلی عہدیداروں کا کہناہے کہ محکمہ سے رشوت کے چلن کے خاتمہ کو یقینی بنانے کے علاوہ شہری علاقوں کی ترقی میں شہریوں کو شامل کرنے کے اقدامات اور صفائی کو یقینی بنانے کیلئے شہریوں سے تعاون حاصل کرنے کی کوشش رہے گی ۔ محکمہ کو عوام کی رائے اور شہر کی ترقی کے سلسلہ میں عوامی رائے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے موجودہ قوانین کو نظر انداز کیا جا رہاہے اور تمام ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں سیول سوسائٹی کے نام پر وارڈ اراکین کی منظوری کے بغیر کام شروع کردیئے جا تے ہیں اور کاموں کے آغاز کے بعد انہیں اس بات سے مطلع کیا جاتا ہے کہ یہ کام شروع کردیا گیا ہے

لیکن نئے قوانین کے روشناس کروائے جانے کے بعد ایسا کرنا ممکن نہیں ہوگا اور نامزدگی کے اساس پر کاموں کی حوالگی کا سلسلہ بھی بند کرنے کے متعلق منصوبہ تیار کیا جا رہاہے جس کے سبب بلدی نظم و نسق میں جاری بڑے پیمانے پر رشوت کے چلن کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔ حکومت تلنگانہ کے اقدام سے ریاست کی تمام بلدیات میں رہنے والوں کو اس کا فائدہ حاصل ہوگا کیونکہ نئے قوانین میں شہریوں کے امور کی تکمیل کیلئے بھی خصوصی توجہ دینے کے علاوہ بلدی اجازت ناموں کی اجرائی اور ادخال کے سلسلہ میں سہولت فراہم کرنے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اس کے علاوہ ریاست تلنگانہ کی بلدیات میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں عوامی تعاون حاصل کرنے کی غرض سے بلدی عہدیداروں نے منصوبہ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کے مطابق شہر کی صفائی اور شہر میں شجرکاری کو یقینی بنانے کیلئے قانون سازی کا امکان ہے جس کے سبب شہر میں آلودگی میں کمی کے علاوہ شہر کی صفائی ممکن ہوگی۔