مختلف اہلیتی امتحانات کیلئے یونیورسٹی اور کنوینرس کا انتخاب

   


ایمسٹ کے انعقاد کیلئے جے این ٹی یو کو ذمہ داری

حیدرآباد۔/8 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن نے مختلف کامن انٹرنس ٹسٹ کے شیڈول کا اعلان کیا ہے جن کے ذریعہ تعلیمی سال 2023-24 میں مختلف انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پیشہ ورانہ کورسیس میں داخلے حاصل کئے جاتے ہیں۔JEE مین اور قومی سطح کے دیگر اہلیتی امتحانات کا جائزہ لیتے ہوئے ریاستی سطح کے کامن انٹرنس ٹسٹ کی تواریخ کو قطعیت دی جائے گی۔ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن نے مختلف کامن انٹرنس ٹسٹ کے انعقاد کیلئے یونیورسٹیز اور کنوینرس کی نشاندہی کی ہے۔ تلنگانہ ایمسٹ کے انعقاد کیلئے جے این ٹی یو حیدرآباد کو ذمہ داری دی گئی تاہم کنوینر کے طور پر ہیڈ ڈپارٹمنٹ آف سیول انجینئرنگ، کالج آف انجینئرنگ پروفیسر بی ڈین کمار کو مقرر کیا گیا۔ گذشتہ سال جے این ٹی یو حیدرآباد کے ری ایکٹر پروفیسر اے گوردھن کو کنوینر مقرر کیا گیا تھا۔ کاکتیہ یونیورسٹی ورنگل کو تلنگانہ اسٹیٹ ICET کے انعقاد کی ذمہ داری دی گئی اور ڈپارٹمنٹ آف کامرس اینڈ بزنس مینجمنٹ کے پروفیسر پی ورا لکشمی کو کنوینر مقرر کیا گیا۔ تلنگانہ PGECET کی ذمہ داری جے این ٹی یو حیدرآباد کو دی گئی اور پروفیسر بی رویندر ریڈی یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ آف میاتھس کو کنوینر مقرر کیا گیا۔ قبل ازیں عثمانیہ یونیورسٹی نے اس کا اہتمام کیا تھا۔ عثمانیہ یونیورسٹی کو تلنگانہ اسٹیٹ انجینئرنگ کامن انٹرنس ٹسٹ (TS ECET) کے انعقاد کی ذمہ داری دی گئی ہے اور عثمانیہ یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ کے پرنسپل پروفیسر سری رام وینکٹیش کو کنوینر مقرر کیا گیا۔ سابق میں جے این ٹی یو حیدرآباد نے یہ امتحان منعقد کیا تھا۔ عثمانیہ یونیورسٹی کو تلنگانہ اسٹیٹ لاء کامن انٹرنس ٹسٹ اور پی جی لاء کامن انٹرنس ٹسٹ کے انعقاد کی ذمہ داری دیتے ہوئے پروفیسر بی وجئے لکشمی ڈپارٹمنٹ آف لاء عثمانیہ یونیورسٹی کو کنوینر مقرر کیا گیا۔ر