جاریہ ہفتہ سی بی آئی اور دیگر خصوصی عدالتوں میں سماعت، کوویڈ کے نتیجہ میں شخصی حاضری سے استثنیٰ
حیدرآباد۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی مختلف مقدمات کے سلسلہ میں جاریہ ہفتہ مختلف عدالتوں میں مصروف دیکھے جائیں گے۔ سی بی آئی کی جانب سے دائر کردہ 10 مقدمات اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے دائر کئے گئے 5 مقدمات کی خصوصی عدالتوں میں سماعت مقرر ہے۔ ان تمام کیسس کی سماعت جاریہ ہفتہ 4 دنوں میں کی جائے گی جس کے نتیجہ میں جگن موہن ریڈی اور ان کے وکلاء کے لئے کافی مصروفیات رہیں گی۔ جگن کئی مقدمات میں ملزم نمبر (1) کی حیثیت سے ہیں اور عدالت سے کوویڈ 19 وباء کے پیش نظر حاضری سے استثنیٰ کی خواہش کی ہے تاہم انہوں نے حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور حالیہ عرصہ میں عوام میں کھلے عام گھومتے دیکھے گئے۔ جگن کے ایڈوکیٹ جی اشوک ریڈی نے عدالت پر زور دیا کہ وہ مقدمات کی سماعت دسہرہ کی تعطیلات کے بعد رکھیں۔ کورونا بحران کے پیش نظر سماعت کی تاریخوں میں تبدیلی کی درخواست کی گئی تاہم عدالت نے دسہرہ کے بعد سماعت کی درخواست کو قبول نہیں کیا۔ اشوک ریڈی نے کہا کہ اس طرح کی کوئی شرط نہیں ہے کہ عوامی نمائندوں کے مقدمات روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے۔ عدالت نے کہا کہ آن لائن سماعت کی سہولت کی فراہمی تک جگن کو شخصی طور پر عدالت میں حاضر ہونا پڑے گا۔ جن مقدمات میں 12 اکٹوبر کو سماعت ہوگی اس میں رامکی فارما، پینا سمنٹس، بھارتی سمنٹس، اوبلاپورم مائیننگ مقدمات شامل ہیں۔ مائننگ کے مقدمات میں کرناٹک کے سابق وزیر گالی جناردھن ریڈی اور تلنگانہ کی ریاستی وزیر سبیتا اندرا ریڈی بھی بحیثیت ملزم شامل ہیں۔ سی بی آئی کے علاوہ ای ڈی کے مقدمات میں پینا سمنٹس، انڈیا سمنٹس، اندوٹیک، رمکی فارما، جگتی پبلیکشن جیسے مقدمات شامل ہیں جن کی سماعت باقاعدگی سے کی جائے گی۔