خواتین کا تحفظ اور جرائم پر قابو پانے میں مددگار ، ڈی سی پی چندرا موہن کے ہاتھوں افتتاح
حیدرآباد 14 مئی ۔ ( سیاست نیوز) ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ ویسٹ زون مسٹر چندرا موہن نے زون کے مختلف پولیس اسٹیشن سے لگائے گئے کمیونٹی سی سی ٹی وی کیمروں کا افتتاح کیا ۔ ڈی سی پی آفس مہدی پٹنم میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ڈی سی پی چندرا موہن نے کہاکہ (123) سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے جنھیں ایڈیبل اینڈ فینانس انڈیا لمییڈ اینڈ فریڈم آئیل کی جانب سے ان کیمروں کا عطیہ دیا گیا ۔ انھوں نے عطیہ دہندگان کے اس اقدام کی ستائش کی اور کہا کہ یہ کیمرے خواتین کے تحفظ کے علاوہ جرائم پر قابو پانے اور روک تھام میں کافی مددگار ثابت ہوں گے ۔ جناب اقبال صدیقی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ ویسٹ زون نے کہا کہ کمشنر پولیس کی خصوصی ہدایت پر شہر میں موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ کیمروں کے ذریعہ لا اینڈ آرڈر صورتحال کے علاوہ خواتین کے تحفظ کیلئے اولین ترجیح دی جارہی ہے اور کیمرے ٹرافک نظام کو بہتر بنانے اور امن و ضبط کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں کافی مددگار ثابت ہوں گے ۔ انھوں نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ڈونرس کو تہنیت پیش کی اور بتایا کہ ٹولی چوکی فلائی اوور سے پارک کانٹیننٹل ہوٹل لین معراج چوراہا تا ملے پلی چوراہا ، گوگل نگر چوراہا تا مانصاحب ٹینک ملے پلی چوراہا تا گوکل نگر چوراہا ، مانصاحب ٹینک چوراہے سے ایکسپریس وے پلر نمبر 60 اور 100 فٹ روڈ کلثوم پورہ اور 2 اے این پی آر کیمرے مہدی پٹنم جنکشن پر لگائے گئے ہیں۔ ان کیمروں کو مہدی پٹنم ، آصف نگر ، حبیب نگر ، کلثوم پورہ ، گڈی ملکاپور ، لنگرحوض اور ٹولی چوکی پولیس اسٹیشنوں میں نصب کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ان پولیس سید فیاض گولکنڈہ ، محمد منور کلثوم پورہ ، وجئے سرینواس آصف نگر و دیگر موجود تھے ۔ ع