مخدوم بھون پر حملہ ‘ سی پی آئی سکریٹری کی کار کو نقصان

,

   

حیدرآباد۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے دفتر مخدوم بھون پر آج نامعلوم اشرار نے حملہ کرکے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی کی کار کو شدید نقصان پہنچایا۔ تفصیلات کے مطابق آج رات موٹر سیکل پر سوار نامعلوم افراد مخدوم بھون میں داخل ہوئے اور وہاں موجود ریاستی سکریٹری کی کار کو نشانہ بنایا اور شیشے توڑ کر راہ فرار اختیار کرلی۔ اس بات کا پتہ چلنے پر سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی اور سینئر لیڈر نارائنا مخدوم بھون پہنچ گئے اور پولیس کمشنر کے علاوہ دیگر پولیس عہدیداروں کو بھی واقف کرایا۔ نارائن گوڑہ پولیس کی ایک ٹیم بھی وہاں پہنچ گئی اور مقام واردات کا معائنہ کیا اور علاقہ کے سی سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ شروع کردیا۔ وینکٹ ریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ یہ حملہ منصوبہ بند ہے اور اس کے پس پردہ کوئی اور نہیں بلکہ سنگھ پریوار کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخدوم بھون کے قیام سے اب تک دفتر میں ایسی حرکت کی کسی نے نہیں کی لیکن سنگھ پریوار کارکنوں نے سی پی آئی قیادت اور کارکنوں کو خوفزدہ کرنے یہ حرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی حملہ کی مذمت اور ڈی جی پی مہیندر ریڈی سے سخت کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے ۔ نارائن گوڑہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے خاطیوں کی تلاش شروع کردی۔