نئی دہلی۔10؍ستمبر( ایجنسیز ) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بدعنوانی انتہا تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بے حسی اور لاپروائی کا عالم یہ ہے کہ اب لوگوں کی جان کی بھی کوئی قیمت باقی نہیں رہ گئی ہے۔کھرگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں ساگر ضلع میں زہریلی شراب پینے سے 31 افراد کی موت اور 11 دیگر کے زندگی اور موت کی جنگ لڑنے کا حوالہ دیتے ہوئے ریاستی حکومت کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے 31 خاندان اجڑ گئے۔ کسی نے اپنا بیٹا، کسی نے باپ اور کسی نے شوہر کھو دیا لیکن بی جے پی حکومت کیلئے یہ بھی محض ایک اور ’حادثہ‘ ہے۔