مدھیہ پردیش میں کسان قرض معافی اسکیم ، چیف منسٹر کمل ناتھ نے 50,000 کروڑ وپئے مالیتی اسکیم کا آغاز کیا

   

بھوپال ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر کمل ناتھ نے کسانوں کے زرعی قرض معافی کی 50,000 کروڑ روپئے مالیتی اپنی حکومت کی اسکیم ’’جئے کسان رن مکتی یوجنا‘‘ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اس اسکیم کو ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے 55 لاکھ چھوٹے اور متوسط کسانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے اس اسکیم کو کسی بھی بجٹ گنجائش کے بغیر نافذ کرنے سے متعلق اپوزیشن کے الزام کی مذمت کی۔ مدھیہ پردیش اسمبلی کے گذشتہ سال نومبر میں منعقدہ انتخابات کے موقع پر کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے اپنی پارٹی کو اقتدار ملنے پر کسانوں کے قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ کمل ناتھ نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش کی معیشت زراعت پر مبنی ہے۔