مدینہ منورہ میں 18ہزار عازمین حج میڈیکل خدمات سے مستفید

   

ریاض : سعودی عرب میں وزارت صحت نے بتایا ہے کہ رواں ماہ ذی القعدہ کے آغاز سے 18 ہزار سے زیادہ عازمین حج نے مدینہ منورہ میں موسمی صحت کی سہولیات اور مراکز میں میڈیکل سروسز سے فائدہ اٹھایا ہے۔ یہ طبی خدمات ان جامع خدمات کا حصہ ہیں جو وزارت کی جانب سے ضیوف الرحمن کی دیکھ بھال کے لیے فراہم کی جارہی ہیں۔وزارت صحت نے بتایا کہ 16 ہزار 101 عازمین حج نے مسجد نبوی سے متصل موسمی صحت کے مراکز اور مرکزی علاقے کے آس پاس کے علاقوں میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات حاصل کیں۔ جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس نے ماہ ذو القعد میں اب تک 2 ہزار 188 عازمین حج کو سہولت فراہم کی ہے۔ ان میڈیکل سہولیات میں چار افراد کی اوپن ہارٹ سرجری بھی کی گئی ہے۔۔ متعدد قومیتوں کے 36 حاجیوں کو کارڈیک کیتھیٹرائزیشن کی ضرورت تھی۔ انہیں علاج اور تشخیصی آپریشنوں کے درمیان تقسیم کیا گیا۔ 21 دیگر سرجیکل آپریشنز کیے گئے۔ اسی طرح 20 عازمین حج کے ڈائیلاسز بھی کیے گئے ہیں۔