مدینہ میں آئسکریم فروخت کرنے والی خاتون

   

مدینہ منورہ ۔ سعودی عرب مدینہ منورہ میں جبل احد کے مقام پر جہاں لاکھوں افراد زیارت کے لیے آتے ہیں ایک سعودی خاتون فوڈ ٹرک پر آئسکریم فروخت کرنے لگی۔ ویب سائٹ کے مطابق سعودی خاتون امیرہ نے کہا کہ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ لڑکیوں کو آئسکریم فروخت کرنا مناسب نہیں ہے۔میرے خیال میں اس میں کوئی قباحت نہیں ہم جس دور میں زندگی گزار رہے ہیں یہ خواتین کو اپنے قدموں پرکھڑے کرنے والا دور ہے۔ ہماری قیادت خواتین کو زندگی کے مختلف شعبوں میں قسمت آزمائی کے موقع فراہم کررہی ہے۔ امیرہ نے کہا کہ چار ماہ سے فوڈ ٹرک پر آئسکریم فروخت کررہی ہوں اور لوگ حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ سعودی خاتون نے مزید کہا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے لاک ڈاون میں کمی کے بعد آئس کریم فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔ صفائی کا اہتمام اور وائرس سے بچاوکی پابندی کرتی ہوں۔ گاہکوں سے اس کی پا بندی بھی کرواتی ہوں۔ مجھے خوشی ہے کہ لوگ اس بات کو پسندکر رہے ہیں اور میراکاروبار اچھا چل رہا ہے۔امیرہ نے کہا ہے کہ گورنر مدینہ اورنائب گورنر نے فوڈ ٹرک سے آئس کریم کا کاروبار شروع کرنے میں تعاون کیا۔