مذہبی خبریں

   

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج محفل ذکر و درود شریف بروز جمعرات بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی الحاج حضرت خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی مقرر ہے ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 31 اکٹوبر کو بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ مقرر ہے ۔ اس جلسہ کی کارروائی مفتی محمد طیب قاسمی چلائیں گے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ محمد اکرام الدین کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی مخاطب کریں گے ۔ نماز ظہر 1-30 بجے ہوگی ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

جشن میلاد النبیؐ
جلسے جشن ہائے میلاد النبی ﷺ

حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : حسب عملدر آمد قدیم وعظ میلاد النبیؐ یکم تا 12 ربیع الاول نبی خانہ حضرت خیر المبین ، پتھر گٹی منڈی روڈ روزانہ صبح 11 تا 12 بجے دن سجادہ و متولی مولوی معین الدین صدیقی منصور پاشاہ کے مواعظ ہوں گے ۔ 12 ربیع الاول کو بعد وعظ موئے مبارک ؐ اور خانہ کعبہ شریف کے غلاف مبارک کی بعد نماز عصر تک زیارت کروائی جائے گی ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔
٭٭ انجمن اصلاح البنین تنظیم طلبہ کلیتہ البنین کے زیر اہتمام 2 ربیع الاول جمعرات جشن میلاد النبیؐ کی پہلی محفل 12 بجے دن تا قبل ظہر کلیتہ البنین مغل پورہ مفتی محمد حسن الدین کی صدارت میں مقرر ہے ۔ خصوصی خطاب حافظ محمد غوث قادری عادل بعنوان حضور ؐ وجہ تخلیق کائنات ہوگا ۔۔
٭٭ بارہ روزہ محافل میلاد النبیؐ یکم تا 12 ربیع الاول بعد نماز عشاء بمکان سید سلطان محی الدین قادری سجادہ نشین درگاہ بالا پور سید امام علی شاہ قادری ؒ ، سنتوش نگر منعقد ہوں گی ۔ سید اکبر محی الدین قادری شکیل پاشاہ بیان کریں گے ۔ بعد ازاں محفل نعت شریف منعقد ہوگی ۔۔
٭٭ کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام جلسہ میلاد النبیؐ 31 اکٹوبر کو بعد نماز عشاء قریب عمادیہ فنکشن ہال معین باغ منعقد ہے ۔ مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدارت کریں گے ۔ مولانا محمد باقر علی صدیقی ، مولانا سید عبدالواسع قادری اور جناب مرزا شاہ نواز بیگ قادری کے خطابات ہوں گے ۔۔
٭٭ جشن آمد رسولؐ و محفل نعت شہہ کونینؐ 31 اکٹوبر کو بعد نماز عشاء آستانہ عالیہ قادریہ حق چمن اندرون بارگاہ حضرت الحاج سید عبداللہ شاہ ولی قادری شاہ علی بنڈہ ہری باولی موڑ میں زیر نگرانی مولانا محمد اللہ شاہ قادری سرخیل آغا منعقد ہوگی ۔ اس محفل میں مدعو نعت گو حضرات اپنے مخصوص انداز میں نعت شریف سنائیں گے ۔ نظامت کے فرائض مولانا حافظ محمد لئیق احمد عادل انوار الہی انجام دیں گے ۔۔
٭٭ بضمن عظمت مصطفی کانفرنس 31 اکٹوبر کو جامع مسجد نظیر محمد خاں گولی پورہ بعد نماز مغرب جناب معز چودھری صدر استقبالیہ کی صدارت میں مقرر ہے ۔ مفتی محمد مستان علی قادری ، ڈاکٹر ذاکر حسین نقشبندی ، ڈاکٹر یوسف الدین ، جناب شمس الدین فاروقی ، مفتی سراج الدین ، حافظ محمد غوث قادری ، حافظ محمد عمران انواری شرکت و مخاطب کریں گے ۔۔
٭٭ ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام 12 روزہ جشن میلاد النبیؐ کانفرنس کا پہلا اجلاس 31 اکٹوبر کو مغرب تا عشاء مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی ، شکر گنج میں مقرر ہے ۔ مولانا ابورجاء سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نگرانی کریں گے اور مولانا سید شاہ مرتضی علی صوفی قادری کا خطاب بعنوان افضلیت مصطفی ہوگا ۔۔
٭٭ جامع مسجد زعل سیف سعید عیدی بازار بند ناکہ میں بروز جمعرات بعد مغرب دوسری محفل میلاد النبیؐ منعقد ہے ۔ مفتی محمد ظہیر قادری ابوالعلائی کا خطاب ہوگا ۔۔
٭٭ مرکزی بزم ملتانیہ کے زیر اہتمام بارہ روزہ جشن میلاد النبیؐ کے ضمن میں 2 ربیع الاول بعد نماز عشاء قیام گاہ جناب عبدالستار واقع صلالہ بارکس میں محفل درود شریف محفل نعت پاک ہوگی ۔۔
٭٭ بزم میلاد النبیؐ کے زیر اہتمام 12 روزہ عشق رسول کانفرنس کے ضمن میں آج جلسہ آمد رسول کا مسجد حضرت مولوی محمد زماں خاں صاحب شہیدؒ روپ لال بازار میں مقرر ہے ۔ قاری معاویہ علی کی قرات کلام پاک سے آغاز ہوگا ۔ محمد علی احمد شرفی قادری اور ریحان قادری کی نعت کے بعد جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی کے خطبہ استقبالیہ کے بعد مہمان مقرر مولانا شیخ زاہد قادری کا خطاب ہوگا ۔۔
٭٭ جشن عید میلاد النبیؐ و ماہانہ فاتحہ خاتون جنت شہزادی کونین سیدہ فاطمۃ الزہراؓ ، 3 ربیع الاول کو خانقاہ فاطمی قاضی پورہ اسٹور میں مقرر ہے ۔ نگرانی حضرت سید عبدالغفور فاطمی قادری القدیری کرینگے ۔ محفل کا آغاز قاری سید منہاج قادری کی تلاوت کلام پاک سے ہوگا ۔ بعد مغرب قرآن خوانی حلقہ ذکر برائے خواتین سلام بحضور خیر الانام اور بعد عشاء محفل نعت اور مجلس سماع مقرر ہے ۔۔
٭٭ درگاہ حضرت سیدنا بابا شرف الدین ؒ پہاڑی شریف میں سالانہ میلاد النبیؐ جلسہ کا آغاز 2 نومبر کو بعد نماز عشاء سے ہوگا ۔ مولانا سید محمد محمود صفی اللہ حسینی قادری وقار پاشاہ کی زیر صدارت اور مولانا حافظ سید شاہ محمد عبدالصمد قادری شرفی کی نگرانی میں ہوگا ۔ جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے سید پیر تنویر ہاشمی بیجا پور کرناٹک حافظ محمد فاروق پاشاہ قادری شرکت کرینگے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ محمد کلیم قادری کے کلام سے ہوگا ۔۔
حمیدیہ میں آج دوسری محفل میلاد النبیؐ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک) اور مجلس انتظامی درگاہ شریف حضرت تاج العرفاء کے زیر اہتمام 2 ربیع الاول 8 بجے تا 9-30 بجے صبح بمقام حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں جاری 26 روزہ محافل میلاد النبیﷺ کے سلسلہ کی دوسری محفل منعقد ہوگی ۔ صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی علی پاشاہ ، پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی اور مولانا سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی کے خطابات ہونگے بعد ازاں نگران محفل ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک مخاطب کرینگے ۔ نعت خواں حضرات نعت شریف کے نذرانے پیش کرینگے ۔۔
جشن میلاد النبیؐ برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : جامعتہ المومنات مغل پورہ میں 2 ربیع الاول 5 بجے عصر تا مغرب جشن میلاد النبیؐ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل کی صدارت میں مقرر ہے ۔ مفتی حافظہ بدر النساء بعنوان ’ شفاعت رسول ؐ ‘ خطاب کریں گے ۔۔

تاریخ انسانی کا عظیم ترین انقلاب
مولانا محمد نعیم الدین حسامی عادل کا بیان
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : صدر سراج العلماء اکیڈیمی مولانا محمد نعیم الدین حسامی عادل نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے سامنے دنیا میں ہونے والے دو بڑے انقلاب ہیں ۔ ایک انقلاب فرانس کا ہے اور دوسرا انقلاب روس میں ہوا ہے ۔ یہ دونوں انقلاب صرف جزوی ہوئے ہیں ۔ اس لیے کہ ان دونوں میں زندگی کے رخ میں کوئی ہمہ گیر تبدیلی برپا نہیں کی ۔ صرف نظام حکومت کا ڈھانچہ تبدیل ہوا ۔ لوگوں کے افکار و عقائد نہیں بدلے ۔ ان کا طرز معاشرت تبدیل نہیں ہوا ۔ روس کے انقلاب سے محض نظام معیشت کا ڈھانچہ تبدیل ہوا ۔ مگر جب ہم نبی کریم ﷺ کا لایا ہوا انقلاب دیکھیں تو یہ انقلاب ہمہ گیر تھا ۔ اس انقلاب میں لوگوں کے عقائد بدلے ، افکار بدلے ، نظریات بدلے ، زندگی کی قدریں بدلیں ، نقطہ نظر تبدیل ہوگیا ، سوچ کا رخ بدل گیا ، طرز بود و باش بدل گئی ، معیشت کا انداز بدل گیا ، سیاست کے طور اطوار بدل گئے ۔ اس پس منظر میں دیکھیں تو نبی کریم ﷺ کا معاملہ منفرد اور ممتاز نظر آتا ہے ۔ ایک ذات واحد سے دعوت کا آغاز ہوا اور 23 برس کے اندر انقلاب کی تکمیل ہوگئی ۔ مولانا نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی اتباع اور اطاعت کو اللہ تعالیٰ نے تمام مسلمانوں پر فرض فرمادیا ہے ۔ اس بات کو پیش نظر رکھیں کہ جب بھی کوئی بات حضور ؐ کی ہمارے سامنے آئے اس کو مال لیں ۔ اس کے برعکس اگر کوئی اپنی عقل کو دخل دے کر نہ مانے تو مبادا کہ وہ بھی اللہ کے ارشاد کے مطابق اپنے سارے اعمال کو اکارت کروانے والا بن جائے گا ۔ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کو نیک توفیق عطا فرمائے ۔۔

تذکرہ صالحین کا مقصد، عقائد و اعمال کی اصلاح
مولانا مفتی خلیل احمد ، مولانا مفتی ضیا الدین اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( فیاکس ) : مفکر اسلام مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ نے بتایا کہ صالحین کے ذکر سے رحمت کا نزول ہوتا ہے ۔ کتاب و سنت میں انبیاء و اولیاء کے واقعات و تذکرہ موجود ہے۔ اس کا مقصد عقائد و اعمال کی اصلاح ہے ۔ شب قدر جیسی نعمت صالحین کے ذکر کا صلہ ہے ۔ نبی کریم ؐ نے صحابہ ؓ کے سامنے بنی اسرائیل کے ایک صالح کا ذکر فرمایا جو ہزار سال تک جہاد کرتا ہے ۔ اس پر صحابہ کرام ؓ نے رشک کیا ۔ اللہ تعالیٰ نے شب قدر عطا فرمائی ۔ خلفائے کرام کو شریعت و خلافت میں حضور کو نسبت خصوصی حاصل ہے ۔ فقہ کے چاروں امام برحق ہے اور طریقت کے امام بھی قابل تعریف و تقلید ہے ۔ ہر سلسلہ کی تعلیم تزکیہ نفس اور قرب الہی عطا کرتی ہے۔ مفکر اسلام یوم شہنشاہ نقشبند خواجہ بہاء الدین نقشبند مشکل کشا ؒ سے جامع مسجد حکیم میر وزیر علی میں صدارتی خطاب کیا ۔ جو مرکزی انجمن سیف الاسلام کے زیر اہتمام 46 واں سالانہ جلسہ تھا ۔ داعی و نگران مولانا ابو عمار عرفان اللہ شاہ نوری اور مولانا مفتی سید شاہ ضیا الدین نقشبندی نے بھی مخاطب کیا ۔ مولانا قاضی سید شاہ سمیع اللہ حسینی ، مولانا صوفی سید شاہ افتخار محی الدین ابوالعلائی ، مولانا عماد الدین نقشبندی ، مولانا شفیق احمد سعد نقشبندی ، حافظ محمد محسن عظمت پیر کلیمی ، مولانا سید خواجہ محی الدین قادری نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ مولانا حافظ سلمان سہروردی نے خیر مقدم کیا ۔ مولانا غلام محمد عبداللہ عامر قادری نے شکریہ ادا کیا ۔۔

جلسہ میلاد النبیؐ ، حمدیہ و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : اسوسی ایشن آف اردو ڈیولپمنٹ کی جانب سے جمعرات 31 اکٹوبر کو 3 بجے دن اردو کاٹیج امجد باغ مصری گنج میں جلسہ میلاد النبیؐ ، حمدیہ و نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ صدر اسوسی ایشن جناب محمد تمیز الدین احمد خطاب کریں گے ۔۔

اصلاح معاشرہ تعلیمی
روزگار تربیتی اسکیمات
حیدرآباد ۔ /30 اکٹوبر (پریس نوٹ) مولانا مجیب الرحمن نظامی کے بموجب تنظیم اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات کے زیراہتمام ایک جائزہ نشست بعد نماز جمعہ (3 بجے) مرکزی آفس سٹی مال کامپلکس ، متصل پٹرول پمپ ، کشن باغ چوراستہ پر زیرصدارت ارشد حسین بضمن علماء کرام ، حفاظ کرام و ائمہ مساجد روزگار تربیت ، دولہا لائے گا اسکیم کے آغاز کیلئے مشورہ طلب کیا جائے گا ۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 7386689681 پر ربط کریں ۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : حضرت یزدانی حافظ وارثیؒ کا عرس مبارک 31 اکٹوبر کو مقرر ہے ۔ 31 اکٹوبر بروز جمعہ بعدنماز مغرب قصیدہ بردہ شریف ، بعد عشاء جلوس صندل مبارک خانقاہ وارث گلشن سے برآمد ہو کر عثمان باغ بندل گوڑہ گشت کرتا ہوا بارگاہ ممدوح پہنچے گا۔ یکم نومبر بروز جمعہ بعد مغرب قصیدہ بردہ شریف بعد عشا صلواۃ السلام رات 10 بجے محفل چراغاں اور سماع، 2 بجے شب محفل قل اور تبرک کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ مراسم سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت یزدانی حافظ وارثی بارگاہ انجام دیں گے ۔۔
٭٭ پیر طریقت معرفت الہٰی کامل جامعہ نظامیہ حضرت حافظ یوسف زہری بیابانیؒ کا عرس شریف 2 تا 4 ربیع الاول مقرر ہے ۔ مولانا غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ سجادہ نشین درگاہ حضرت افضل بیابانیؒ قاضی پیٹ و سابق صدر وقف بورڈ عرس تقاریب کی سرپرستی کریں گے ۔ 31 اکٹوبر کو غسل شریف کے ساتھ ہی تقاریب عرس کا آغاز ہوگا ۔ یکم نومبر کو مولوی اقبال زہری سجادہ نشین درگاہ حضرت ممدوحؒ کی صدارت میں جلوس صندل آستانہ زہری کشن باغ محمود نگر سے برآمد ہوگا جو انڈیانا چوراہا سے ہوتا ہوا درگاہ شریف پہنچے گا ۔ بعد ازاں محفل نعت و محفل سماع منعقد ہوگی ۔ 2 نومبر کو چراغاں مقرر ہے ۔ مراسم عرس مولوی اقبال زہری سجادہ نشین انجام دیں گے ۔۔