مذہبی خبریں

   

موجودہ صبرآزما حالات سے نمٹنے کیلئے سیرت صحابہ ؓ کا مطالعہ اور عمل ضروری
تعمیر ملت کا جلسہ یوم صحابہ ؓ ،ثناء الہدیٰ قاسمی، عمر عابدین، جلیل احمد اور فخرالدین محمد کا خطاب
حیدرآباد۔13؍ نومبر۔( پریس نوٹ ) حضور اکرم ﷺ نے فرمایا حکمت مؤمن کا سرمایہ ہے۔ مسلمانوں کو دورِ حاضر میں کامیاب زندگی گزارنے کیلئے حضور اکرم ﷺ کی حکمت عملی اور آپ ﷺکی بتلائی ہوئی حکیمانہ روش پر عمل کرنا ہوگا۔ یہ کلمات جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت نے جونیئر کالج، چنچل گوڑہ میں منعقدہ جلسہ یوم صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علہیم اجمعین کے موقع پراپنے صدارتی خطاب میں کہا اور انہو ںنے کہا کہ ہمیں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم عقیدۂ توحید پر مضبوطی سے جمے رہیں۔ اور اسی کی روشنی میں تمام مسائل کا حل مضمر ہے۔ آج ملت اسلامیہ ملک بھر میں جن حالات سے گزر رہی ہے اس کیلئے متحد ہونا ضروری ہے اور اتحاد ہی کے ذریعہ ہی ہم اس ملک میں کامیاب زندگی گزار سکتے ہیں۔ مہمان مقرر مولانا ثناء الہدیٰ قاسمی نائب معتمد امارت شرعیہ بہار و اڑیسہ نے اپنے خطاب میں موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج کی صورتحال کو بدلنے کیلئے بچوں کو سیرت پاک ﷺ اور سیرت صحابہ رضوان اللہ تعالیٰ علیہم کا مطالعہ کرنا ہوگا۔ مولانا نے کہا کہ صحابہ کے جذبہ ایمانی اور ایثار و قربانی کو سمجھنے کیلئے ان کی سیرت کا مطالعہ ضروری ہے ۔ ماہِ مقدس ربیع الاول کی مناسبت سے یہ عہد کریں کہ از اول تا آخر سیرت مبارکہ پر مشتمل کسی ایک کتاب کا مطالعہ کریں۔ ڈاکٹر فخر الدین محمد صدر استقبالیہ کمیٹی تعمیر ملت نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے سب سے پہلے اللہ رب العزت کا شکریہ ادا کیا اور پھر تعمیر ملت کے تمام ذمہ داروںاور شرکائے جلسہ کا شکریہ ادا کیا۔ مولانا سید قیصر محمود نے کہا کہ حضور ﷺ اور صحابہ کرام نے تعلیم پر سب سے پہلے توجہ دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نبی کریم ﷺ نے جو باتیں علم کے حوالے سے کیں تھیں ان صحابہ کرام نے اپنی زندگیوں میں اسے اپنانے کی پوری کوشش کی۔ حضور ﷺ کے صحابہ کرام کے اخلاق حمیدہ ساری دنیا کیلئے مشعل راہ ہیں ۔ انہوں نے ہندوستانی مسلمانوں سے کہا کہ ہم اللہ کی رحمت سے نااُمید نہ ہوں، حالات بہترہونگے۔ مولانا مفتی نیر اعظم اشرفی نے عظمت صحابہ اور قرآن پر خطاب کرتے ہوئے قرآنی آیات کے حوالے سے کہا کہ صحابہ کی عظمت کا اعلان اللہ تعالیٰ نے خود فرمایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صحابیت عقیدۂ ختم نبوت ہے، صحابہ کی طرح ایمان مدار نجات ہے۔ اسلام کی ترجمانی صحابہ کی عملی زندگی کے نمونہ کو پیش کرکے کی جاسکتی ہے ۔مولانا عمر عابدین نے صحابہ کرام کی ایثار قربانی، جواں مردی، پامردی کے حوالے سے کہا کہ صحابہ کی تاریخ پر نگاہ ڈالیں۔ ان کی زندگی کے حالات سے آگاہی ہماری شرعی ذمہ داری ہے۔ مولانا عمر عابدین نے کہا کہ ابتداء اسلام میں حضرت بی بی سمیہؓ، حضرت ابوبکر صدیقؓ، حضرت بلال حبشیؓ، حضرت عمار بن یاسرؓ کی زندگیوں کو دیکھیں ان کی داد رسی کرنے والا کوئی نہیں تھا۔ ڈاکٹر محمد مشتاق سی ای او صفا ہاسپتل بنگلور نے کہا کہ صحابہ کرام محفوظ ہیں، اللہ نے صحابہ کو ہر گندگی سے پاک و صاف رکھا۔ صحابہ کی زندگی ہمارے لئے نمونہ ہے، انہوں بتایا کہ سورہ فتح میں اللہ تعالیٰ نے کس طرح صحابہ کرام کے فضائل اور صفات بیان فرمایا ہے۔ ڈاکٹر متین الدین قادری نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں کو صحابہ والی زندگی بنائیں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ تعمیر ملت کے جلسوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعہ قوم کو بیدار کرنا ہے ۔ جناب ضیاء الدین نیر نائب صدر تعمیر ملت نے کہا کہ عدلیہ کے فیصلہ کے بعد یقینا مسلمان کا دل خون کے آنسو رویا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمان ، حالات کا مقابلہ کرنے کی ہمت پیدا کریں ۔ جناب وہاج الدین صدیقی نے کہا کہ مسلمان اس ملک میں کرایہ دار نہیں ہے ہم کو اپنے حقوق حاصل کرنا ہے کیونکہ یہ جمہوری ملک ہے اور ہمیں بھی تمام ابنائے وطنوں کے ساتھ برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ مسلمان اپنی پہچان بنائیں۔ عملی طور پر حضور اکرم ﷺ اور صحابہ والی زندگی گزارنے کی کوشش کریں اور اسی میں کامیابی ہوگی۔ جناب عمر احمد شفیق نے نظامت کے فرائض بحسن خوبی انجام دیئے۔ آخر میں تعمیر ملت کی جانب سے منعقدہ مختلف مقابلہ جات بشمول قرأت، کوئز میں حصہ لینے والے طلبہ میں انعامات کی تقسیم عمل میں آئی۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 13 ۔ نومبر : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔ بعد نماز عشاء نگران محفل کا خطاب اور جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف اور ذکر و سلوک و مراقبہ کی مجلس رہے گی ۔۔

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ 13 ۔ نومبر : ( راست ) : خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج محفل ذکر و درود شریف 14 نومبر بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی حضرت خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی مقررہے ۔۔

محفل حلقہ ذکر اللہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ نومبر : ( راست ) : محمد عبدالرزاق شاہ قادری جنیدی کے بموجب محفل حلقہ ذکر اللہ بارگاہ حافظ سید عبداللہ شاہ ولی قادری 14 نومبر کو بعد نماز عشاء آستانہ عالیہ قادریہ حق چمن شاہ علی بنڈہ ہری باولی موڑ میں زیر نگرانی مولانا محمد اللہ شاہ قادری سرخیل آغا منعقد ہوگی ۔ بعد عشاء محفل درود شریف و نعت و منقبت بعد ازاں اس محفل سے مولانا حافظ محمد عزت اللہ شاہ قادری سہیل پاشاہ خطاب کریں گے ۔ ذکر جہری دعا و سلام پر محفل کا اختتام عمل میں آئے گا ۔۔

قرات و اذاں کی مفت تربیت
حیدرآباد ۔ 13 ۔ نومبر : ( راست ) : مدرسہ اسلامیہ تعلیم القرآن جامع مسجد اللہ بنڈہ منگل ہاٹ میں مفت قرات و اذاں کی عملی تربیت روزانہ حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی دینگے ،خواہش مند حضرات اسکول و کالج کے طلبہ استفادہ حاصل کریں ۔۔

نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ نومبر : ( راست ) : ایوان صوفی اعظم ، صوفی اعظم کالونی ، شاہین نگر پہاڑی شریف روڈ پر سید الصوفیہ حضرت مفتی سید شاہ احمد علی صوفی قادریؒ کے عرس شریف کے موقع پر 14 نومبر کو 8 ساعت شب میلاد النبیؐ پر خصوصی خطاب ہوگا اور آثار مبارک سرور کونینؐ کی زیارت کرائی جائے گی ۔ 9 بجے شب مولانا قاضی سیدشاہ اعظم علی صوفی قادری صوفی اعظم نگرانی میں غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا۔ جس کی نظامت جناب اکبر خاں کریں گے ۔ بعد مشاعرہ محفل نعت شہ کونینﷺ منعقد ہوگی ۔۔