مرکزی ایجنسیوں کیخلاف الیکشن کمیشن دفتر کے باہر احتجاج

,

   

ٹی ایم سی قائدین حراست میں‘ای ڈی و سی بی آئی ڈائرکٹرس کو ہٹانے کا مطالبہ

نئی دہلی :دہلی میں الیکشن کمیشن دفتر کے باہر احتجاج کرنے والے کئی ترنمول کانگریس پارٹی قائدین کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ ڈیرک اوبرائن کو پولیس اٹھا کر لے گئی ہے۔ دراصل ٹی ایم سی کے 10 ارکان پر مشتمل وفد الیکشن کمشنر سے ملاقات کیلئے آیا تھا جب انھیں ملاقات کا موقع نہیں ملا تو سبھی دفتر کے باہر دھرنے پر بیٹھ کر احتجاج کرنے لگے۔مرکزی ایجنسیوں کے خلاف دھرنا دینے والوں میں 5 ارکان پارلیمنٹ ڈیرک اوبرائن، محمد ندیم الحق، ڈولا سین، ساگاریکا گھوش اور ساکیت گوکھلے شامل تھے۔ علاوہ ازیں تین سابق ایم پی ارپیتا گھوش، شانتنو سین اور ابیر رنجن بسواس بھی احتجاج میں موجود تھے۔ ساتھ ہی ایم ایل اے وویک گپتا اور ٹی ایم سی کے نوجوان لیڈر سدیپ راہا بھی احتجاج کر رہے تھے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ این آئی اے کے ڈی جی کو اور ای ڈی و سی بی آئی ڈائریکٹر کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کرنے والے ٹی ایم سی لیڈروں کے احتجاج اور ان کے حراست میں لیے جانے کی کچھ ویڈیوز بھی منظر عام پر آئی ہیں۔ ان میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹی ایم سی لیڈروں نے اپنے ہاتھوں میں مرکزی ایجنسیوں کی مخالفت کرنے والے پوسٹر اٹھا رکھے ہیں۔ اس میں سی بی آئی، ای ڈی اور این آئی اے جیسی مرکزی ایجنسیوں کے خلاف نعرے درج ہیں۔ احتجاج کرنے والے ان ایجنسیوں کے ڈائریکٹرز کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ٹی ایم سی کا دعویٰ ہے کہ مرکزی ایجنسیوں نے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملا لیا ہے اور لوک سبھا انتخابات سے پہلے ان کی پارٹی کے لیڈروں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔