مرکزی حکومت کرناٹک کے ساتھ امتیازی سلوک کررہی ہے :سدارامیا

   

بیلگاوی،28اگست(سیاست ڈاٹ کام)کرناٹک کے سابق وزیراعلی سدا رامیا نے الزام لگایا کہ مرکز کی قومی جمہوری اتحادی حکومت کرناٹک کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لئے راحت اور امدادی رقم مہیا کرانے میں امتیازی سلوک کررہی ہے ۔ مسٹر سدھارمئیا نے چہارشنبہ کو نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر الزام لگایا کہ وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت والی مرکزی حکومت قدرتی آفات کی وجہ سے آئے بحران کا سامنا کرنے والے لاکھوں لوگوں کو راحت پہنچانے میں ناکام رہی ہے اور وہ اپنے سلوگن ‘سب کا ساتھ سب کا وکاس’کے خلاف کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا ہوائی سروے کرنے والے مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور وزیر داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ کی نیت ریاست کے لوگوں کو راحت پہنچانے کی نہیں تھی۔ انہوں نے مسٹر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس (مسٹر مودی کے پاس)غیرملکوں کے دورے کرنے کا وقت ہے ،لیکن کرناٹک اور مہاراشٹر کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کا وقت نہیں ہے ۔جہان لاکھوں لوگوں کو سیلاب نے بے حال کیا ہوا ہے ۔سیلاب کی وجہ سے لوگوں نے فصل،گھر ،گھریلو مویشی وغیرہ کھودئے ہیں۔مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست کے لئے ابھی تک ایک بھی روپیہ جاری نہیں کیاگیا ہے ۔