تلنگانہ میں انتقامی سیاست کا الزام، متاثرہ خاندانوں کو انصاف کا تیقن
حیدرآباد۔21 ۔ اپریل (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی اور اسکل ڈیولپمنٹ راجیو چندر شیکھر نے تلنگانہ حکومت پر بی جے پی قائدین کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا الزام عائد کیا۔ مملکتی وزیر نے رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر کے ہمراہ کھمم ضلع میں خودکشی کرنے والے بی جے پی کارکن سائی گنیش کے پسماندگان سے ملاقات کی ۔ پولیس کی جانب سے فرضی مقدمات اور ہراساں کرنے پر سائی گنیش نے خودکشی کرلی تھی۔ مرکزی وزیر نے گنیش کی والدہ ساوتری اور بھائی سے ملاقات کرتے ہوئے واقعہ کی تفصیلات حاصل کی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے خودکشی واقعہ کی مکمل تحقیقات اور خاطیوں کے خلاف کارروائیوں کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتقامی کارروائیاں کسی بھی حکومت کیلئے مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کارکنوں کے خلاف فرضی مقدمات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلانے کیلئے بی جے پی قیادت مساعی کرے گی۔ اسی دوران بی جے پی نے کھمم میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سائی گنیش کی خودکشی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے احتجاج کو روکنے کی کوشش کی جس پر عہدیداروں اور احتجاجیوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی ۔ پولیس نے بی جے پی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ر