مرکز اور ریاستی حکومتوں کیخلاف اندرا پارک پر اپوزیشن کا مہا دھرنا

,

   

کانگریس ، تلگو دیشم اور بائیں بازو جماعتوں کی شرکت ، تلنگانہ میں آزادی کی نئی جدوجہد کا اعلان، مختلف احتجاجی پروگراموں کو قطعیت

حیدرآباد۔22 ۔ستمبر (سیاست نیوز) مرکز اور ریاستی حکومتوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف حیدرآباد میں اپوزیشن کی جانب سے مہا دھرنا منظم کیا گیا۔ کانگریس پارٹی کی قیادت میں منعقدہ اس دھرنا میں سی پی آئی ، سی پی ایم ، تلگو دیشم ، تلنگانہ جنا سمیتی ، سی پی آئی ایم ایل ، اینٹی پارٹی سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیموکریسی اور مختلف عوامی تنظیموں کے قائدین نے حصہ لیا۔ مقررین نے مرکز اور ریاست کے لئے مطالبات پر مبنی نوٹ جاری کرتے ہوئے آنے والے دنوں میں احتجاج میں شدت کا اعلان کیا ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے سماجی انصاف پر مبنی تلنگانہ کیلئے آخری جدوجہد کا اعلان کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر حکومت کے زوال کا وقت قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں اضافہ ، بیروزگاری اور قبائلیوں کے لئے جنگلاتی اراضی کے الاٹمنٹ میں تاخیر کے خلاف جدوجہد میں تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں۔ ریونت ریڈی نے اپنی تقریر کا آغاز لال سلام سے کیا کیونکہ دھرنا چوک سے علحدہ تلنگانہ جدوجہد کے آغاز کی یاد تازہ ہوگئی ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے باوجود تلنگانہ عوام کو سماجی انصاف حاصل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت جنگلاتی اراضی پر کاشت کرنے والے قبائلی کسانوں کو ہراساں کر رہی ہے جبکہ چیف منسٹر نے اراضی الاٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تین ماہ کی لڑکی کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے کے سی آر کی بدعنوانیوں کے خلاف کارروائی کے بجائے خفیہ سمجھوتہ کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ہم دو ہمارے دو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ ریونت ریڈی نے 27 ستمبر کے بھارت بند کی کامیابی کے لئے تمام ضلع صدور سے متحرک ہونے کی اپیل کی ۔ مہا دھرنا سے سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا ، ڈاکٹر این جناردھن ریڈی ، سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی ، سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرا بھدرم ، آل انڈیا کسان کانگریس کے نائب صدر نشین ایم کودنڈا ریڈی ، تلنگانہ تلگو دیشم کے صدر بی نرسمہلو ، تلگو دیشم کے پولیٹ بیورو ممبر آر چندر شیکھر ریڈی ، تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر کودنڈا رام ، مدھو یاشکی گوڑ، ڈاکٹر ملو روی ، محمد علی شبیر، عزیز پاشاہ، جے رنگا ریڈی اور دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر 11 مطالبات پیش کرتے ہوئے عوامی منظوری حاصل کی گئی۔ R