مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ، احتجاجی کسانوں کے ساتھ ظالمانہ رویہ
حیدرآباد 15 فروری(سیاست نیوز) کانگریس نے نئی دہلی میں ملک کے کسانوں کے احتجاج کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ رکن راجیہ سبھا اور کانگریس ورکنگ کمیٹی رکن ڈگ وجئے سنگھ نے آج حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احتجاجی کسانوں پر پولیس کے ذریعہ مظالم کی مذمت کی اور کہا کہ مودی حکومت کسانوں سے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ نریندر مودی نے 2014 انتخابات سے قبل کسانوں کی کاشت پر اقل ترین امدادی قیمت کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ سیاہ قوانین کے ذریعہ زرعی شعبہ کو کارپوریٹ شعبہ کے حوالے کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ گزشتہ سال کسانوں کے احتجاج کے بعد مرکز نے سیاہ قوانین سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک قوانین برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انڈیا الائنس کے برسر اقتدار آنے کے بعد زرعی پیداوار کیلئے امدادی قیمت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ کانگریس نے چھتیس گڑھ میں کسانوں سے اقل ترین امدادی قیمت کا جو وعدہ کیا ہے ، وہ کسانوں کا دیرینہ مطالبہ ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ مودی حکومت کسانوں اور سماج کے دیگر طبقات سے دھوکہ دہی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقل ترین امدادی قیمت سے محرومی کے نتیجہ میں کسان خسارہ سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو سال انتظار کے بعد کسان دوبارہ دہلی کا رخ کرنے لگے تو انہیں غیر انسانی طریقہ سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ دہلی اور ہریانہ کی پولیس کا رویہ ظالمانہ و بہیمانہ ہے۔ جس طرح غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم جاری ہیں ، اسی طرح دہلی و ہریانہ حکومت نے احتجاجی کسانوں پر آنسو گیس کے شل برسائے اور ربر کی گولیوں کا استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کسانوں کے ساتھ ملک دشمن طاقتوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے ذریعہ غریب اور متوسط طبقات کو مالی بحران میں مبتلا کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں ملک سے تاریک دور کا خاتمہ ہوگا اور مودی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ 1