مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کیلئے دوبارہ درخواست

   

اسلام آباد : نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (نواز) مریم نواز نے پاسپورٹ واپسی کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں دوبارہ درخواست دائر کردی۔درخواست میں مریم نواز کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی حکم پر پاسپورٹ ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کے پاس ہے، ابھی تک نیب چوہدری شوگر مل کا چالان پیش نہیں کرسکا، عدالت نے میرٹ پر ضمانت منظور کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ طویل عرصے کیلئے کسی شخص کو اس کے بنیادی حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا، عدالت پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔ اس سے قبل 27 اپریل کو مریم نواز نے لاہور ہائی کورٹ میں عمرہ کی ادائیگی کیلئے پاسپورٹ واپس لینے سے متعلق درخواست واپس لے لی تھی۔مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست سے دستبرداری ایسے وقت میں ہوئی جب درخواست کی سماعت کیلئے کم از کم 4 بینچز بنائے گئے لیکن بینچز میں شامل تمام ججوں نے یکے بعد دیگرے کیس سے خود کو علیحدہ کر لیا تھا۔