مسائل پر توجہ کے ساتھ امیدواروں کی بہتات کے پارلیمانی حلقے

   

حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں دو پارلیمانی حلقوں نلگنڈہ اور نظام آباد میں سابق میں پارلیمانی انتخابات میں مسائل پر مبنی توجہ دی گئی ۔ پارلیمانی حلقہ نلگنڈہ میں مقامی عوام اور سیول سوسائٹی نے اس وقت فلوروسیس کا مسئلہ اٹھایا تھا جب 1990 میں لوک سبھا نشست کے لیے چناؤ ہوا تھا ۔ اس چناؤ میں تقریبا 500 مقامی افراد نے لوک سبھا نشست کے لیے پرچہ جات نامزدگی داخل کرتے ہوئے فلوروسیس کے مسئلہ کو نمایاں کیا تھا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ زیر زمین پانی میں فلورین کی زیادہ مقدار کے باعث حلقہ پارلیمان نلگنڈہ میں عموما اور نکریکل ، تھنگتوری اور دیگر مقامات پر بالخصوص فلوروسیس کا مسئلہ ہورہا ہے ۔ چنانچہ سیول سوسائٹی نے اس مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے اس کے حل پر زور دیا ہے ۔ جب کہ نظام آباد پارلیمانی حلقہ ایک اور حلقہ ہے جہاں 2019 میں تین ہندسی امیدواروں نے مقابلہ کرتے ہوئے اس حلقہ میں ہلدی بورڈ کے قیام کی ضرورت کو نمایاں کیا ۔۔