مسابقتی امتحانات میں بہتر رینک ہی کامیابی کا ضامن

   

NEET فری کوچنگ کلاسیس کی افتتاحی تقریب سے
پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد : 3 اپریَ ( پریس نوٹ) مسابقتی امتحانات میں بہتر رینک ہی کامیابی کا ضامن ہوتا ہے اور بہتر رینک کیلئے پختہ ارادہ سنجیدہ محنت اور منصوبہ بند تیاری ضروری ہے ۔ سنجیدگی کے ساتھ امتحان کی تیاری کرتے ہوئے اقلیتی امیدوار سرکاری کالج یا اعلیٰ معیاری کالج میں داخلہ پاسکتے ہیں ۔ مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات جامعہ عثمانیہ CEDM کے زیراہتمام نظام کالج پر نیٹ کوچنگ پروگرام کا افتتاح انجام دیتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر CEDM نے ان خیالات کا اظہار کیا اور امیدواروں کو مشورہ دیا کہ اپنے آپ میں اعتماد پیدا کریں اور احساس کمتری کو دور کریں ۔ عصر حاضر کے مطابق انٹرنس امتحانات میں نئے نئے اضافے ہورہے ہیں نیز کنوینر NEET کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کو غور سے پڑھیں اور امتحان کے طریقہ کار اور نصاب کو اچھی طرح سمجھ لیں اور مسابقت کا سامنا کریں تو یقیناً کامیابی آپ کے قدم چومے گی ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ نظام کالج پر NEET کے علاوہ مختلف انٹرنس امتحانات کی کوچنگ کا اہتمام ماہر اساتذہ کے ذریعہ کیا جاتا ہے ۔ امیدوارو ں کو مفت کوچنگ کے علاوہ آن لائن اسٹیڈی مٹیریل بھی فراہم کیا جائے گا ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر CEDM نے مزید کہا کہ بہت جلد LAWCET, Ed CET, POLYCET, ECET, EAPCET اور TS TET کی کوچنگ بھی شروع کی جارہی ہے ۔ یہ کوچنگ پروگرامس محکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ کے زیرسرپرستی چلائے جارہے ہیں ۔ جناب اسرار احمد پراجکٹ آفیسر نے امیدواروں سے کہا کہ امتحان کے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ تیز رفتاری کے ساتھ صحیح جوابات بہتر رینک کیلئے ضروری ہے ۔ امیدواروں کو مشورہ دیا کہ نظم و ضبط اور وقت کی پابندی کے ساتھ کوچنگ سے استفادہ کریں ۔