مستقبل قریب میں 5G ٹکنالوجی اور ایکسرے ویژن ٹیکنالوجی متعارف

   

آئندہ دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کے غیرمعمولی استعمال کی قیاس آرائیاں

حیدرآباد : دنیا بھر میں 5G ٹکنالوجی کے ساتھ ساتھ X-Ray ویژن ٹکنالوجی پر تیزی سے کام کیا جا رہاہے اور مستقبل قریب میں 5G ٹکنالوجی عام ہونے کے بعد دیوار کے پار دیکھنے کی صلاحیت کی حامل X-Rayویژن ٹکنالوجی بھی منظرعام پرآجائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ ماہرین کی جانب سے تیار کئے جانے والی اس ٹکنالوجی کے ذریعہ جلد ہی دیوار کے اس پار دیکھنے کی صلاحیت پیدا ہوجائے گی اور یہ 5G ٹکنالوجی کے ساتھ ہی ممکن ہوسکے گا۔ عمارتو ںکے منہدم ہونے کے علاوہ زلزلہ یا دیگر حادثات کے بعد ملبہ میں دبے ہوئے لوگوں کی جانچ اور ان کی موجودگی کے سلسلہ میں ایکسرے ویژن ٹکنالوجی کافی مددگار ثابت ہوگی۔ بتایاجاتا ہے کہ ماہرین کی جانب سے جاری اس ٹکنالوجی پر کام کے دوران اس بات کا جائزہ لیا جا رہاہے کہ ہنگامی خدمات انجام دینے والے اداروں کوہی اس ٹکنالوجی تک رسائی فراہم کی جائے تاکہ انسانوں کی مدد کیلئے ہی اس کا استعمال کیا جائے ۔دنیا بھر میں جہاں 5G ٹکنالوجی کے متعلق مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں ان قیاس آرائیوں کے درمیان ایکسرے ویژن ٹکنالوجی کے انکشاف کے بعد ایسا محسوس ہورہا ہے کہ دنیا میں ٹکنالوجی کو آئندہ چند برسوں کے دوران زبردست فروغ حاصل ہوگا ۔ ایکسرے ویژن ٹکنالوجی کے سلسلہ میں بتایا جا رہاہے کہ ا س ٹکنالوجی کے ذریعہ دیوار اور ملبہ کے پار دیکھنے کی صلاحیت موجود رہے گی لیکن یہ ٹکنالوجی صرف ایکسرے کی صورت میں ہی انسانوں اور جانوروں کے علاوہ دیگر کی تصاویر پیش کرسکیں گی۔ ذرائع کے مطابق اس ٹکنالوجی کے تیار کنندگان کی جانب سے اس ٹکنالوجی کو انسان کی حرکت قلب ‘ سانسوں کی جانچ کی صلاحیت کا حامل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ حادثہ کے دوران ملبہ کے اندر دبے ہوئے لوگوں کا پتہ لگایا جاسکے اور ان کی جان بچانے کیلئے اس ٹکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔بتایاجاتا ہے کہ آئندہ چند برسوں میں یہ ٹکنالوجی دنیا کے بیشتر ممالک میں روشناس کروادی جائے گی اور دنیا بھر میں اس کا سیکیوریٹی اہلکاروں اور ہنگامی حالات میں خدمات انجام دینے والی ایجنسیوں کی جانب سے کیا جانے لگے گا۔