مستقبل کے تمام انتخابات کیلئے ہمیں تیار رہناچاہیئے : فاروق عبداللہ

   

اپنے وجود کو زندہ رکھنے سے ہی آئینی حقوق کا حصول ممکن ، پارٹی ہیڈ کوارٹر پر منعقدہ اجلاس سے خطاب

سری نگر: جموں وکشمیر کے تمام خطوں اور طبقوں کے تہذیب و تمدن، ثقافت، کلچر اور علاقائی زبانوں کے تحفظ سے ہی ہمارا وجود قائم و دائم رہ سکتا ہے اور اسی میں ہماری انفرادیت اور شناخت کا راز مضمرہے ۔ ان باتوں کا اظہا رنیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے وجود کو زندہ رکھنے سے ہی ہم اپنے حقوق کی بحالی کیلئے جدوجہد اور اپنے بنیادی جمہوری اورآئینی حقوق کی حاصل کرسکتے ہیں اور ساتھ ہی دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا سکتے ہیں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ ہمیں باہری دشمنوں سے زیادہ اندرونی دشمنوں سے خبردار رہنا چاہئے جو ہماری صفوں میں رہ کر انتشار اور خلفشار پیدا کرنے کے در پے ہیں۔ ایسے مخبروں اور ضمیر فروشوں سے چوکس رہنے کی ضرورت ہے ، جن ہمارے خلاف سازشیں رچانے والوں کیساتھ ملے ہوئے ہیں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ ہم سب کو متحد ہوکر اور عزم و استقلال کا مظاہرہ کرکے موجودہ سخت ترین چیلنجوں کا مقابلہ کرناہوگا ۔ ٹھیک اسی طرح سے جیسے ہمارے بے لوث اور ایماندار لیڈران نے ماضی میں کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ شہدائے کشمیر کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہی جموں وکشمیر کے عوام کو عزت وآبرو کا مقام حاصل ہوا اور یہاں کے لوگوں کو ایک باوقار زندگی نصیب ہوئی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو ہمیشہ غریبوں، مزدوروں، کسانوں اور کاریگروں نے ہمیشہ تعاون اور اشتراک دیاہے جس کی وجہ سے آج بھی اس جماعت کی جڑیں تینوں خطوںمیں پیوست ہیں اور یہ جماعت لوگوں کے دلوں میں راج کرتی ہے ۔پارٹی سے وابستہ افراد کو آنے والے چیلنجوں کیلئے کمربستہ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس صدر نے کہا کہ مستقبل میں جو بھی الیکشن ہونگے اس کیلئے ہمیں تیار رہنا چاہئے اور ہر صورت میں عوام کیساتھ قریبی رابطہ رکھنا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ عوامی اشتراک اور تعاون ہی نیشنل کانفرنس کی مضبوطی ہے اور ہمیں ہر حال میں خود کو لوگوں کیلئے وقف رکھنا چاہئے ۔