مسجد اقصٰی عید الفطر کے بعد کھول دی جائے گی

,

   

رملہ۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بیت المقدس میں اسلامی اوقاف کونسل نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے دو ماہ کی پابندی کے بعد مسجد اقصٰی عید الفطر کے بعد نمازیوں کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق القدس اسلامی اوقاف کونسل نے بیان میں کہا کہ مسجد اقصٰی کھولنے کے طریقہ کار سے جلد آگاہ کیا جائے گا۔مسجد اقصٰی کے ڈائریکٹر شیخ عمر الکسوانی نے کہا ہے کہ مسجد اقصٰی جزوی طور پر نہیں کھولی جائے گی اور نہ نماز کے لیے مسجد آنے والوں کی تعداد متعین ہوگی۔الکسوانی نے کہا کہ اوقاف کونسل مسجد اقصٰی دوبارہ کھولنے سے متعلق تمام تفصیلات کا اعلان کرے گی اور اعلان سے قبل ہر پہلو کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ وائرس سے بچنے کے لیے مقرر صحت ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام نہ لگایا جا سکے۔یاد رہے کہ القدس اسلامی اوقاف کونسل نے مارچ میں نمازیوں کے مسجد اقصٰی آنے پر پابندی کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عارضی طور پر لگائی گئی تھی۔