مسجد الحرام میں 29 ویں شب نماز تراویح اور ختم قرآن

,

   

25 لاکھ سے زائد فرزندان توحید کی شرکت‘ رقت انگیز دعائیں

ریاض :مسجد الحرام میں رمضان کی 29 ویں شب نماز تروایج میں ختم قرآن اور دعا میں 25 لاکھ سے زیادہ فرزندان توحید نے شرکت کی۔میڈیا کے مطابق لوگوں کی بڑی تعداد صبح سے ہی مسجد الحرام پہنچنا شروع ہوگئی تھی۔ مسجد کے اندرونی اور بیرونی صحنوں کے علاوہ چھت اور اطراف کی سڑکیں زائرین سے بھر گئیں۔حرمین شریفین میں دینی امورکے سربراہ شیخ السدیس نے اس بابرکت رات مغفرت، جہنم کی آگ سے بچانے اور مملکت کو تمام برائیوں سے محفوظ رکھنے کی دعا کی۔دعا میں مظلوم فلسطینیوں کیلئے پر آنکھ آشکبار ہوگئی۔علاوہ ازیں مسجد نبویؐ میں بھی 29 ویں شب کو لاکھوں افراد نے نماز تراویح میں ختم قرآن اور دعا میں شرکت کی۔مسجد کی چھتیں، صحن، راہداری، توسیعی مقامات پہلے ہی نمازیوں سے بھر گئے تھے۔ اطراف کی سڑکوں اور علاقوں میں بھی صفیں نمازیوں سے بھری تھیں۔مسجد نبویؐ کے امام شیخ صلاح البدیر نے تراویح کی نماز کی امامت کی اور اس بابرکت رات مسلمانوں کیلئے مغفرت، جہنم کی آگ سے بچانے مملکت کو تمام برائیوں سے محفوظ رکھنے کی دعا کی۔حرمین شریفین اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کے تعاون سے زائرین کی سہولت اور ان کے تحفظ کیلئے تمام ضروری انتظامات کیے تھے۔رمضان المبارک کے آخری عشرے میں نمازیوں اور زائرین کو بہتر تجربہ فراہم کرنے اور عبادت کیلئے ساز گار ماحول فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ جانے والے راستوں پر ٹریفک پولیس کے اہلکار جبکہ ہجوم کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی خصوصی ٹاسک فورس کے دستے تعینات کیے گئے تاکہ لوگ منظم طریقے سے مسجد میں داخل ہو سکیں۔