مسجد حرام کے داخلی راستوں پرخصوصی افراد کیلئے ٹریک مختص

   

صدارت عامہ برائے امورحرمین شریفین کی سوشل سروسز اور رضا کارانہ امور کی جانب سے معذوری سے دوچار افراد کی آمد ورفت کوآسان بنانے کے لیے مسجد حرام کے داخلی راستوں پر علامات کے ذریعے ٹریک مختص کیے جار ہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد رش کے موقعے پرخصوصی افراد کی آمد ورفت میں کسی قسم کا خلل پیدا ہونے سے روکنا تاکہ اْنہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مسجد حرام کے داخلی راستوں پر معذور افراد کے لیے مختص ٹریکس پر علامتیں لگانے کا کام صدارت عامہ برائے حرمین شریفین کے صدرالشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔ معذور افراد کے لیے یہ ٹریک نہ صرف مسجد حرام کے داخلی راستوں پر مختص کیے گئے ہیں بلکہ مسجد حرام کے صحن میں بھی خصوصی افراد کے لیے جگہوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔حرمین شریفین میں معذور افراد کے ذمہ دار شعبے کے ڈائریکٹر جنرل احمد البرکاتی نے کہا کہ مسجد حرام کے داخلی راستوں اور صحن میں خصوصی افراد کی آمد ورفت کے ٹریک پر علامتیں لگانے کا کام جاری ہے۔درایں اثنا مسجد حرام میں سماجی اور رضا کارانہ امور کے سربراہ انجینئر امجد بن عایض الحازمی نے کہا کہ صدارت عامہ برائے حرمین شریفین خصوصی افراد اور معذوری سے دوچار زائرین کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور انہیں ہرممکن سہولیات کی فراہمی کا عزم کر رکھا ہے۔