ریاض : مدینہ منورہ: مسجد نبویؐ سے مسجد قباء تک پیدل چلنے والوں کے لیے خصوصی راستہ تیارکرلیا گیا۔مسجد نبویؐ سے اسلام کی پہلی مسجد قباء تک پہنچنے کے لئے پیدل چلنے والوں کے لئے خصوصی راستہ تیار کرلیا گیا ہے۔خصوصی ٹریک کو ’’درب السنہ‘‘ کا نام دیا گیا ہے جس کا مقصد مسجد نبوی ؐسے مسجد قبا تک پیدل چلنے کی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کو زندہ کرنا ہے۔ تقریباً تین کلومیٹر کا ٹریک اس تاریخی راستے پر بنایا گیا ہے جسے نبی کریم ؐ مسجد نبوی ؐ سے مسجد قباء جانے کیلئے استعمال کیا کرتے تھے۔ نبی کریمؐ کبھی پیدل اور کبھی اونٹنی پر مسجد قباء تک سفر کیا کرتے تھے۔پیدل چلنے والوں کیلئے خصوصی ٹریک کو جدید طرز پر بنایا گیا ہے اور پورے راستے کو لائٹس سے سجایا گیا ہے جبکہ خریداری کیلئے اطراف میں دکانیں بھی بنائی گئی ہیں۔