مسجد نبوی شریف کے مخطوطات کی نمائش کا افتتاح

   

ریاض:گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبد العزیز نے مسجد نبوی شریف کے نادر مخطوطات کی نمائش کا افتتاح کیا ہے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق مسجد نبوی شریف کے نادر مخطوطات کی نمائش کا اہتمام حرمین شریفین انتظامیہ اور کنگ عبد العزیز عجائب گھر کے تعاون سے ہوا ہے۔حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کہا ہے کہ ’مسجد نبوی اور مدینہ منورہ کی تاریخ محفوظ کرنے اور آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کے لیے نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے‘۔انہوں نے کہا ہے کہ ’نمائش میں تاریخی اور نادر مخطوطات کے علاوہ مسجد نبوی سے متعلق نوادرات بھی موجود ہیں‘۔خیال رہے کہ مسجد نبوی شریف کے مخطوطات کی نمائش کے مشترکہ منصوبے کا مقصد اسلامی علوم کی ترویج واشاعت کے علاوہ اسلامی ثقافت و تہذیب کا تحفظ اور نئی نسل تک اس کی منتقلی ہے۔مسجد نبوی شریف کے مخطوطات کی نمائش سے مدینہ منورہ کے زائرین فائدہ اٹھا سکیں گے۔ علاوہ ازیں ریسرچ کرنے والوں کے لیے بھی اس میں کافی مواد ہوگا۔