مسجد کی سیڑھیوں پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش

   

ایل بی نگر میں مذموم واقعہ
حیدرآباد۔/25 اپریل، ( سیاست نیوز) ایل بی نگر علاقہ میں ایک مسجد کو جلانے کی ناکام کوشش کی گئی۔ فرقہ پرست عناصر کی اس ناکام کوشش کا نماز فجر کے وقت پتہ چلا جب مسلمان نماز فجر کیلئے مسجد پہونچے۔ مقامی مسلمانوں نے اس واقعہ کی پولیس میں شکایت کی ہے اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ ایل بی نگر حدود میں واقع مسجد مصطفی کی گیٹ کے سامنے سیڑھیوں پر پٹرول چھڑکا گیا اور آگ لگانے کی کوشش کی گئی۔ ایک شرپسند کی حرکت مقامی سی سی ٹی وی میں قید کرلی گئی اور سوشیل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ماحول کو خراب کرنے اور فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی مذموم کوشش ہے تاہم مسلمانوں نے صبر و تحمل سے اس کو ناکام بنادیا اور پولیس میں شکایت کردی۔ پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ وائرل ویڈیو میں صاف طور پر شرپسند کو دیکھا گیا ہے جو موٹر سائیکل پر آیا اور مسجد کے قریب موٹر سائیکل پارک کرکے گاڑی سے پٹرول کی بوتل نکالی اور مسجد کی ویڈیو گرافی کے بعد سیڑھیوں پر پٹرول چھڑک دیا۔ شرپسند کی حرکت سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ فون پر لائیو تھا یا سیلف ریکارڈکررہا تھا۔ تلنگانہ پولیس کو چاہیئے کہ وہ ایسے واقعات کا سخت نوٹ لے جو ماحول خراب کرنے اور حکومت کو بدنام کرنے کی سازش کے مرتکب بن رہے ہیں۔ مقامی مسلمانوں نے خاطی کی فوری گرفتاری اور کیفرکردار تک پہونچانے کا مطالبہ کیا۔ع