مدورائی: نومولود بیٹی کو ماں باپ نے ہی مار ڈالا، محض اس لئے کہ وہ پہلے ہی دو بیٹیوں کی پیدائش پر نالاں تھے۔ یہ افسوسناک واقعہ تملناڈو کے ضلع مدورائی میں پیش آیا۔ بچی کو قتل کرنے والے ماں باپ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق متھوپندی کی بیوی کوشلیا نے 21 دسمبر کو سیڈا پتی پرائمری ہیلتھ سینٹر میں ایک بچی کو جنم دیا۔ کچھ روز اسپتال میں رہنے کے بعد کوشلیا کو گھر بھیج دیا گیا۔ چند روز بعد ہیلتھ ورکرز بچی کے معمول کے چیک اپ کیلئے جوڑے کے گھر پہنچے تو ان کو بتایا گیا کہ بچی لاپتہ ہو گئی ہے جس پر ہیلتھ ورکرز نے پولیس کو اطلاع کر دی۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کیا تو متھوپندی اور کوشلیا دو بیٹیوں سمیت گھر سے فرار ہو گئے۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم کو گھر سے چند قدم دور ہی بچی کی لاش ملی اور جب نومولود کا پوسٹ مارٹم کیا گیا تو پتہ چلا کہ اسے سر میں کوئی چیز ماری گئی جو اس کی موت کی وجہ بنی۔ پولیس نے گزشتہ روز جوڑے کو گرفتار کیا تو انہوں نے بچی کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلسل تیسری بیٹی کی پیدائش پر غمگین تھے۔ اسی وجہ سے اسے قتل کر دیا۔