مسلمانوں سے متعلق مودی کا بیان انتہائی گھناؤنا

   

2024 مودی کی گھر واپسی کا سال ۔ مشتاق ملک کا بیان
حیدرآباد۔23اپریل(سیاست نیوز) صدر تحریک مسلم شبان محمد مشتاق ملک نے راجستھان میںوزیراعظم نریندرمودی کے مسلمانوں سے متعلق بیان پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوںنے مودی کے اس بیان کو انتہائی گھنائونا قرار دیا اور کہاکہ پہلے مرحلے کی رائے دہی کے بعد لگتا ہے مودی کو گھر واپسی کا یقین ہوگیا ہے ۔یہی وجہہ ہے کہ دس سال تک وزیراعظم رہنے کے باوجود مودی نے مسلمانوں کے متعلق منفی بیان دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے نریندر مودی نے یہ کہہ دیا کہ اگر کانگریس اقتدار میںآتی ہے تو ملک کے وسائل مسلمانوں کے نام کردیگی ۔ مشتاق ملک نے کہاکہ اگر ایسا ہوتا تو کانگریس 70 برس تک ہندوستان کی حکمران جماعت تھی لیکن اس نے ایسا نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے بحیثیت وزیراعظم جسٹس رنگناتھ مشرا کمیشن اور سچر کمیٹی کی رپورٹ کا مطالعہ تو ضرورکیا ہوگا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ وزیراعظم کو ایسی منفی سوچ والی تقریر ذیب نہیں دیتی ۔ انہوں نے انتخابات میں سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو نشانہ بناتے ہیں مگر اس قدر اخلاقی گرواٹ کے مظاہرے کی توقع مودی سے ہی کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 2024 مودی کے خاتمے کا سال ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ووٹوں کی تقسیم کی کوشش کے طور پر مودی آئندہ چھ مراحل کیلئے اس قسم کے بیان دے رہے ہیں۔ مودی کوملک کی ترقی سے کوئی سروکار نہیںہے ۔ ان کی سیاست مندر مسجد‘ ہندوستان پاکستان‘ مسلمان ‘ قبرستان ‘ 80/20کے اردگرد گھومتی ہے ۔بدعنوانی کے سب سے بڑے اسکام کی قیادت کرنے والے مودی کی اوجھی سیاست اب چلنے والی نہیںہے ۔ مودی کی وداعی کا وقت آگیا ہے ۔ راجستھان ‘ اترپردیش‘ مدھیہ پردیش میں فرقہ وارانہ منافرت کی کوششیں ناکام ہونے والی ہیں ۔