حیدرآباد۔23۔جون(سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود مرکزی حکومت کی اسکیم ’اگنی پتھ‘ کے ذریعہ ملازمت حاصل کرنے کے خواہشمند اقلیتی نوجوانوںکو تربیت فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔مرکزی حکومت کی جانب سے اگنی پتھ اسکیم کے لئے جاری کردہ اعلامیہ پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے جناب شاہنواز قاسم ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی بہبود نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے یہ زرین موقع ہے کہ وہ ملک کے دفاعی نظام کا حصہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے مختلف ملازمتوں کے حصول کے لئے تربیت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اگنی پتھ اسکیم کے ذریعہ دفاعی شعبہ میں ملازمت کے حصول کے خواہشمندوں کے لئے بھی تربیت کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ جناب شاہنواز قاسم نے بتایا کہ اگنی پتھ اسکیم میں جو نوجوان ملازمت و تربیت حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ اقلیتی اسٹڈی سرکل یا راست ان سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ ہندستانی فضائیہ میں شمولیت کے لئے رجسٹریشن کا عمل 24 جون سے شروع ہونے جا رہاہے اور 24جولائی کو ان رجسٹرکروانے والے نوجوانوں کے لئے آن لائن امتحان منعقد ہوگا۔انڈین ائیر فورس کے لئے منتخب ہونے والے امیدواروں کے لئے ڈسمبر 2022 سے تربیت کا عمل شروع کیا جائے گا۔اسی طرح ہندستانی بحریہ میں ملازمت کے حصول کے خواہشمندوں کے لئے 9جولائی کو تفصیلی اعلامیہ کی اجرائی متوقع ہے اور 15جولائی سے رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگا۔ہندستانی فوج میں جولائی سے رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگا اور 30ڈسمبر سے منتخب ہونے والے نوجوانوں کی تربیت کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ ملک کی تینوں افواج میں مختلف عہدوں پر 4سال کے لئے خدمات کے لئے 17.5سال سے 23 سال کی عمر کے نوجوان درخواست داخل کرنے کے اہل ہیں۔اقلیتی نوجوان جو اگنی پتھ اسکیم سے استفادہ حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں انہیں محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت چلائے جانے والے اسٹڈی سرکل کے ذریعہ تربیت کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔اس اسکیم سے استفادہ حاصل کرنے والوں کا 10ویں‘ بارہویں‘ آئی ٹی آئی ڈپلوما کامیاب ہونا کافی ہے۔مرکزی حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق اب جو اعلامیہ جاری کیا گیا ہے اس کے ذریعہ 1.25لاکھ نوجوانوں کی بھرتی کا عمل مکمل کیا جائے گا اور اس میں 25 فیصد نوجوانوں کو 4سال بعد بھی افواج کا حصہ رکھا جائے گا علاوہ ازیں مرکزی حکومت کی وزارت دفاع اور وزارت داخلہ میں کئے جانے والے تقررات میں اگنی ویر جو 4 سال اگنی پتھ اسکیم کے تحت تربیت حاصل کرتے ہوئے خدمات انجام دے چکے ہیں انہیں 10 فیصد تحفظات حاصل رہیں گے۔ جناب شاہنواز قاسم نے کہا کہ اس موقع سے استفادہ کے خواہشمند نوجوانو ںکی تعداد اور ان کی اہلیت کا جائزہ لیتے ہوئے عملی تربیت کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی ۔م